لاہور (یو این پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رانا نثار احمد راٹھ نے کہا ہے کہ پاک فوج ہمارے دلوں کی دھڑکن ہے پاک فوج اور عوام میں خلیج پیدا کرنا ملک دشمن طاقتوں کا ایجنڈا ہے۔پوری قوم افواج پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہیدوں نے پاکستان کی سالمیت کی لاج رکھی ہے۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے پاک فوج ہے تو یہ ملک ہے یہ ملک ہے تو ہم ہیں،شرپسند عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے حقیقی کارکن آج بھی عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح ڈٹ کھڑے ہیں پارٹیوں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں جو لوگ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ جاتے ہیں وہ اپنے نہیں ہوتے تحریک انصاف کو چھوڑ کر جانے والوں کو کوئی بھی پارٹی قبول نہیں کرے گی۔خان سے غداری کرنے والے سیاست سے ہمیشہ کیلئے مائنس ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے بے گناہ گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ۔اور ملک میں فوری عام انتخابات کرائے جائیں ۔