ٹوبہ ٹیک سنگھ (یواین پی) قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے کہا ہے کہ کھیلیں انسانی جسم کو چاق و چوبند رکھنے کے علاوہ مثبت سوچ،مخفی صلاحیتوں اور تعمیری رویہ جات کو بھی پروان چڑھاتی ہیں۔پنجاب یوتھ فیسٹیول نے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو ابھارنے اور صاف ستھری صحتمندانہ تفریح کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کا تمام تر سہرا وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے سر ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نوجوان اور باہمت کھلاڑیوں نے ہر ایونٹ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنز اور میڈلز حاصل کرکے نہ صرف ضلع بلکہ ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیاہے جو واقعی قابل ستائش ہے۔ان خیالات کا اظہار قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے بطور مہمان خصوصی گورنمنٹ بوائز مڈل سکول چک نمبر 392ج ب گڑ ھ میں دوسرا تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن فٹ بال ٹورنامنٹ کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ٹی ایم او اظہر محمود نبی دیوان، سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن،چوہدری محمد اکرم نمبردار، سرپرست حاجی لیاقت علی ،چیف آرگنائزر کاشف جاوید ، چاچا عبدالحکیم و دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔اسلام شہیدکلب اور محمد جاوید پٹواری کلب کے زیر اہتمام پانچ روزہ ٹورنامنٹ میں اول انعام حاصل کرنے والی ٹیم کو15 ہزار نقد بمع ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 10 ہزار نقد بمع ٹرافی سے نوازا گیا۔دریں اثنا قائمقام ڈی سی او ملک خادم حسین جیلانی نے پریس فوٹوگرافر ملک محمود ناصر کو پنجاب یوتھ فیسٹیول کی نمایاں کوریج اور بہترین صحافتی کاردگی کا مظاہرہ کرنے پر خصوصی شیلڈ سے بھی نوازا