اسلام آباد(یواین پی )اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی منجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی، جس کی سربراہی ذکا اشرف کو دی گئی ہےوفاقی کابینہ نے بھی سرکولیشن سمری کے ذریعے پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی بنانے کی منظوری دی۔ جس کے بعد ذکا اشرف کو پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کو ہٹا کر ان کی جگہ محمود اقبال خاکوانی کو نیا الیکشن کمشنرمقرر کردیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق یہ کمیٹی چار ماہ کے لیے بنائی گئی ہے، جس میں کلیم اللہ خان، اشفاق اختر، محمد مصدق، عظمت پرویز، خرم کریم سومرو، خواجہ ندیم، مصطفی رمدے اور ذوالفقار ملک بطور رکن کام کریں گے۔دوسری جانب پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعرات کو لاہور میں طلب کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ پی سی بی چیئرمین کے الیکشن اور ذکا اشرف کی اہلیت کا معاملہ عدالتوں میں زیر التوا ہے۔