اوکاڑہ(یواین پی/ شیخ ندیم شیراز )یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور فیکلٹی نے اوکاڑہ گیریژن میں پاک فوج کے ساتھ ایک دن گزارا جہاں انہیں فوجی ہتھیاروں اور جنگی مشقو ں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہیں مارٹر اور سگنل پلاٹون کے ڈرلز اور پروسیجرز کے ساتھ ساتھ جنگی حالات کے دوران نہر یا دریا کو عبور کرنے کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا گیا جس سے یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کافی لطف اندوز ہوئے۔سیلف پروپیلڈ آرٹلری گنز اور بکتربند گاڑیوں کی نمائش سے بھی طلبہ و طالبات کافی محظوظ ہوئے۔پاک فوج کے ساتھ دن گزارنے کا مقصد عوام اور فوج کے درمیان رشتے کو مزید مضبوط کرنا تھا۔طلبہ و طالبات نے اپنا پورا دن پاک فوج کے ساتھ بھرپور طریقے سے گزارا اور ان کا یہ کہنا تھا کہ ایسے ایونٹ مزید منعقد ہونے چاہییں۔