ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ)سول سرجن سول ہسپتال ٹھٹھہ ڈاکٹر سید محمد یامین شاہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اپنے پیشے سے مخلص، انسان دوست اور خدمت کا جذبہ رکتھے ہوں تو شفاء اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ہوتا ہے، ڈاکٹرز مریض کیلئے مسیحا ہوتے ہیں، ایک مسیحا دکھی انسانیت، غریب، لاچار اور بے بس افراد کی خدمت کرنے والا جس کے چند پیار بھرے بول اور ان کی شفقت ہی بیماری کو کم کر دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سول ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سول سرجن ڈاکٹر سید محمد یامین شاہ نے کہا کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے بڑھتے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسکریننگ کے عمل کو بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام متعلقہ ڈکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنی ذمہ داری سچائی، نیک نیتی، ایمانداری اور احسن طریقے سے سرانجام دیں جبکہ مریضوں اور تیمارداروں سے پیار، محبت اور شفقت سے پیش آتے ہوئے انہیں علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ سول سرجن نے انہیں مزید ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے جبکہ پان، گٹکہ، ماوہ، مین پوری و دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت، کوتاہی اور لاپرواہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بچوں، خواتین، آرتھوپیڈک، سرجیکل، این آئی سی وی ڈی، تھیلیسیمیا سینٹر، دانتوں کے وارڈ سمیت الٹرا ساؤنڈ، بچوں کی نرسری، زچہ و بچہ وارڈ، غذائیت مرکز، کولڈ روم و دیگر مختلف شعبوں اور او پی ڈی کے میڈیکل اسٹور کا معائنہ کیا جبکہ ڈیوٹی افسر ڈاکٹرز سے او پی ڈی کے معاملات و دیگر درپیش مسائل اور ادویات کی تفصیلات معلوم کیں اور رکارڈ بھی چیک کیا۔ اس موقع پر ڈیوٹی افسر ڈاکٹرز نے سول سرجن کو او پی ڈی کے اعداد و شمار کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سول سرجن ڈاکٹر گیانچند، مرف کے ڈاکٹر غلام نبی خشک، ڈینٹل سرجن ڈاکٹر شیام کمار، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر محفوظ علی سومرو و دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔