اوکاڑہ (یواین پی) ضلع بھر میں 14 اگست کی صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا ضلع بھر میں پاکستان کا 76 واں یوم آزادی ملی جوش جذبے اور شان و شوکت سے منایا گیا مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)منصور امان تھے اس موقع پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں،وکلاء،عمائدین علاقہ،وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران،صحافیوں، طالب علموں،اساتذہ کرام، مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی تقریب کا آغازصبح8-58منٹ پر سائرن بجا کر ہوا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) منصور امان نے پرچم کشائی کی اس کے بعد قومی ترانہ اور مارچ پاسٹ ہوا پولیس،جیل،ریسکیو1122اور ایلیٹ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش۔ ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) منصور امان نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری امنگوں کا ترجمان ہے آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اکابرین پاکستان اور ہمارے اسلاف نے وطن عزیز کو حاصل کرنے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں انہیں ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا پاکستان میں محبت،امن،بھائی چارے،رواداری اور برداشت کے جذبوں کو پروان چڑھانا ہر شخص کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ایک حساس،خوشحال،مضبوط اور ذمہ دار قوم کے طور پر دنیامیں پہچانے جائیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائد اعظم کے ویژن کی روشنی میں آگے بڑھانا ہے اور علامہ اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیر کو شکل دینی ہے ہمیں آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا جو بھارتی ظلم و ستم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنی آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں ہم حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور آج کادن اس نعمت کی قدر اور اللہ تعالی کا شکر ادا کرنے کا دن ہے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے ایمان اتحاد اور تنظیم کے فرمان کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بات کا عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی بہترین صلاحیتیں پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کریں گے انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کی نعمت کو برقرار رکھنے کے لیے قربانیاں دیتی آئی ہیں ہمارے لیے بھی آزادی سب سے اہم ہے ہمیں دنیا کی بدلتی ہوئی صورتحال میں اس بات کا ادراک کرنا ہے کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کا حصہ بنیں گے علم حاصل کریں گے ہمیں اپنے آپ کو اس قابل بنانا ہے کہ ہم ہر میدان میں سرخرو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا ہے کہ ہم پاکستان کو کیا دے رہے ہیں یہی جذبہ ہر پاکستانی میں موجود ہو تو وطن عزیز کو قوموں کی برادری میں سرفراز ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں کے نعرہ کو عملی تعبیر دینا ہے کیونکہ وطن عزیز اس وقت مشکل حالات سے گذر رہا ہے ہمارا اتفاق و اتحاد،اخوت اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ دشمن کے ناپا ک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ازحدضروری ہے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ؒ اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار اور نظریات کو نئی نسل تک پہنچانے،ایمان،اتحاد،تنظیم کے سبق کو ہمیشہ مد نظر رکھنے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔شرکاء تقریب کو 14 اگست کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو پاکستان کی فکری اساس سے روشناس کروائیں اور تحریک پاکستان میں اکابرین کی قربانیوں اور جد و جہد سے متعلق بتائیں تاکہ انہیں مادر وطن کی قدر و قیمت کا احساس ہو 14اگست کا دن نہ صرف خوشیاں منانے کا دن ہے بلکہ صحیح معنوں میں وطن عزیز کی ترقی اور اسے ہمیشہ قائم و دائم رکھنے کے لئے خلوص دل سے کوشاں رہنے کے عہد کا دن ہے 14اگست خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ احساس ذمہ داری کو اجاگر کرنے کا بھی دن ہے جس میں ہم نے اپنے آپ سے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا آج کے دن آزادی کی نعمت کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اس ملک میں برابری،مساوات کے چلن کو عام کرنے،جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے اور تعلیم کی روشنی میں وطن کے کونے کونے کو منور کرنے کے لئے عملی جد و جہد کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں ہمیں آج یوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) منصور امان نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی اس موقع پرپاکستان کی ترقی،خوشحالی و سلامتی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت میں ثابت قدم رہنے اور ان کی کامیابی کے لئے دعا بھی کی گئی بعد ازاں انہوں نے ضلع کونسل کے لان میں یوم آزادی کی مناسبت سے پودے بھی لگائے اس موقع پر آگاہی واک بھی منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) منصور امان نے کی انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس اور ضلع کونسل میں بچوں کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔
——————–