کراچی(یو این پی)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام کی منظوری دیدی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام گورنر سندھ کو بھیجا تھا۔ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی حلف برداری کی تقریب 16 اگست کو ہوگی۔اس سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان ملاقات میں نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا تھا۔اپوزیشن لیڈر رعنا انصار اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے بھی جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ منظوری دے دی۔اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ان کی اس معاملے پر گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما صبغت اللّٰہ راشدی سے بھی بات ہوئی ہے۔