راولپنڈی: (یو این پی)پاک فوج کے شعبے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے 58 برس مکمل پونے پر مادر وطن پر جان نثار کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کر دیا۔آئی ایس پی آر نے دشمن کے بزدلانہ حملے کو شجاعت اور جواں مردی سے ناکام بنانے والوں کے نام نیا گانا ’قربان ہوئے‘ معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں جاری کر دیا، جسے خلیل الرحمنٰ قمر نے تحریر کیا اور نوید ناشاد نے ہدایتکاری کی ہے۔ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹوب پر گانا شیئر کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ ’اس یوم دفاع اور شہداء پر، آئیے اپنے سپاہیوں کی غیر متزلزل ہمت اور بے لوث خدمت کو خراج تحسین پیش کریں‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ان کی لگن کسی بہادری سے کم نہیں، وہ بے خوف ہو کر وطن کی محبت کے لیے قربانیاں دیتے ہیں۔ قوم ہمیشہ ان بہادر جانوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ہماری سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے‘۔شہدائے پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئیے ان کی غیرمعمولی قربانیوں پر ان سے اظہار تشکرکریں‘۔