یومِ دفاع: کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب

Published on September 6, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 71)      No Comments

کراچی (یو این پی)آج 6 ستمبر کو یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کے ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔مزارِ قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔تبدیلیٔ گارڈز کی تقریب میں 7 خواتین سمیت 57 کیڈٹس نے حصہ لیا۔مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے اس موقع پر مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے کہا کہ ہمارے جوان ملکی دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دیتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے سرحدوں کی حفاظت دل وجان سے کی ہے، آج کا دن ہمارے شہداء اور غازیوں کے نام ہے۔ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف کا کہنا ہے کہ وطن سے محبت اور آزادی کی قدر ہمیں ورثے میں ملی ہے، افواجِ پاکستان کی ہر فتح کے پیچھے قوم کی دعائیں ہوتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر کا معرکہ ایک بے مثال کارنامہ ہے، آج کا دن اُن شہیدوں کے نام ہے جن کی وجہ سے ہم سانس لے رہے ہیں۔ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے مزید کہا کہ آج تجدیدِ عہد کا دن ہے، پاکستان کو ترقی اوراستحکام کی بلندی پر لے کر جانا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes