کراچی(یو این پی) پاکستان کے کرکٹ شائقین نے آل راؤنڈر عماد وسیم کی ٹیم میں شمولیت کا مطالبہ کردیا۔بھارت کیخلاف میچ میں قومی ٹیم کی بدترین شکست اور حارث رؤف و نسیم شاہ کی انجریز کے باعث آئندہ میچز میں شرکت مشکوک ہونے کے باوجود عماد وسیم کو نظرانداز کرنے پر شائقین کرکٹ نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا پر عماد وسیم کی ٹیم میں شمولیت کا مطالبہ کیا جارہا جس پر منگل کو آل راونڈر کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا۔سینئر اسپورٹس صحافی اور اینکرپرسن سید یحییٰ حسینی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اب بھی وقت ہے عماد وسیم کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کر لینا چاہئے، کپتان بابراعظم نے سارے تجربے کرلئے اب حق دار کو اس کا حق دینے کا وقت ہے۔ ٹیم کی سلیکشن میں پسند ناپسند کے بجائے میرٹ پر فیصلے ہونے چاہئیں۔واضح رہے کہ عماد وسیم او ڈی آئی کیریئر میں 55 میچز کھیل چکے ہیں جس میں 44 اننگز میں انکی بیٹنگ آئی اور انہوں نے 986 رنز بنائے جبکہ ان میچز میں انہوں نے 44 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔عماد وسیم کے پرستاروں کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے، اگر کوئی آپ کو پسند نہیں تو اس کی شکل نہ دیکھیں، یہ سوچ کر فیصلہ کریں کہ وہ ٹیم کے کام آ سکتا ہے، عماد اچھے اسپنر ہونے کے ساتھ باصلاحیت بیٹسمین بھی ہیں۔شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کو نمبر چھ پر کھلایا جائے تو بہت مدد ملے گی ٹیم کو کیونکہ وہ بہتر پاور ہٹنگ کرسکتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہنواز دھانی اور زمان خان کو ٹیم میں بیک اَپ کے طور پر طلب کیا گیا تھا تاہم لیگ کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس کے باوجود عماد وسیم کو نظر انداز کرنے پر شائقین کی جانب سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔