نیویارک /اسلام آباد(یو این پی)نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی اہم اہمیت پر زور دیا اور تمام شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔نگراں وزیر خارجہ نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کیلئے فراخدلانہ اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔نگراں وزیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے ایس آئی ایف سی کی تشکیل سے آگاہ کیا اور آئی ٹی، توانائی، انفراسٹرکچر اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے 20 لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور سعودیہ کی ترقی میں پاکستانی کیمونٹی کی خدمات کو سراہا۔دوسری جانب وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے نیو یارک میں او آئی سی کی فلسطین کمیٹی سے خطاب بھی کیا۔ جلیل عباس جیلانی کا خطاب میں کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں امن و استحکام کیلئے خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے، انہوں نے فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وزیرخارجہ نے بیلاروسی ہم منصب سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اقوام متحدہ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیر خارجہ کی مالٹا اور کیوبا کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں ہوئی جن میں دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔