سیری(یو این پی ) پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات و ممبر پی پی پی ڈیجیٹل ملک شاہ محمد چنڑ نے کہاکہ لیو انکیشمنٹ،پینشن اور ریٹائرمنٹ پالیسی کے نئے قوانین ملازمین دشمن و ظالمانہ اقدام ہیں انہیں فی الفور واپس لیا جائے اور نگران حکومت ہوش کے ناخن لے اور گرفتار اساتذہ کرام اور انکے قائدین کی فی الفور رہائی کے احکامات جاری کرے.انہوں نے کہاکہ اپنے حقوق کے لیے سدا احتجاج بلند کرنا اساتذہ کرام و دیگر سرکاری ملازمین کا آئینی و قانونی حق ہے اگر لیو انکیشمنٹ اور ریٹائرمنٹ کے متعلق جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پاکستان پیپلزپارٹی برسراقتدار آ کر ان ظالمانہ قوانین کو سرے سے ختم کر دے گی اور سرکاری ملازمین کے حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گی۔انہوں نے نگران وزیر اعلی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے فوری طور پر مذاکرات کرنے اساتذہ کرام و دیگر سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات فوری تسلیم کرنے اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام و دیگر سرکاری ملازمین لاٹھی اور گولی کی سرکار سے ڈرنے والے نہیں،نگران پنجاب حکومت سمجھداری کا مظاہرہ کرے اور اساتذہ کرام اور دیگر سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات فوری تسلیم کرے۔ انہوں نے کہاکہ ملازمین کے حقوق و مطالبات کے تحفظ کے لئے لاہور اور دیگر شہروں میں جاری دھرنوں میں اساتذہ کرام اور انکے قائدین کی گرفتاری اور ان پر تشدد انتہائی قابل مذمت فعل ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی ان گرفتاریوں کی پرزور مذمت کرتی ہے اور انکی جلد رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔