ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ٹھٹھہ کی قیادت میں انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی ریلی کا انعقاد

Published on October 25, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 185)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید صفدر علی شاہ کی قیادت میں انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنمنٹ ٹاؤن ڈسپینسری سے پریس کلب ٹھٹھہ تک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پولیو سے متعلق آگاہی پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید صفدر علی شاہ نے کہا کہ انسداد پولیو کے حوالے سے پولیو ورکرز کی خدمات اور اس سے متعلق آگاہی پھیلانے میں میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے نونہالوں کو پولیو جیسے ناسور سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کے لئے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو انسداد پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ انسداد پولیو مہم کے دوران دیگر اداروں سمیت محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور پولیو ورکرز کی جانب انتھک محنت اور جدوجہد کے باعث مقررہ ہدف حاصل کرکے سو فیصد کامیابی حاصل کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ای پی آئی ڈاکٹر نظیر احمد خواجہ، این اسٹاپ کے ڈاکٹر راجیش، ڈسٹرکٹ مینیجر یونیسیف اعجاز احمد جاکھرو، مرف کے ڈاکٹر داؤد ہیلایو و ديگر نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ ڈگری کالج مکلی اور پی پی ایچ آئی کے دفتر میں پولیو کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور طلبہ میں پولیو بیماری سے بچاء کے متعلق آگاہی اور شعور بیدار کیا گیا۔ بعد ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیس میں پولیو مہم کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز اور پولیو ورکرز میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید صفدر علی شاہ نے نقد انعامات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy