چینی اور فلسطینی وزرائے خارجہ کی ٹیلی فونک بات چیت

Published on October 25, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 170)      No Comments

بیجنگ(یواین پی) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ ریاض المالکی نے فلسطین کا موقف بیان کرتے ہوئے ،انصاف کی پاسداری، طاقتور آواز بلند کرنے، فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے اور فلسطین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی امداد فراہم کرنے پر تہہ دل سے چین کا شکریہ ادا کیا۔ وانگ ای نے کہا کہ چین ،فلسطین کی مشکل صورتحال بالخصوص غزہ کے عوام سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ چین شہریوں کو نقصان پہنچانے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تمام اقدامات کی شدید مذمت اور مخالفت کرتا ہے اور غزہ کے عوام کے لیے بنیادی معیار زندگی کو یقینی بنانے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھانی چاہئیں، عالمی برادری کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے اور خطے سے باہر کے ممالک بالخصوص بڑے ممالک کو واقعیت پسندی اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنا چاہیے تاکہ بحران کی شدت کو کم کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کیا جا سکے ۔ وانگ ای نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کو اس وقت جنگ، ہتھیار اور گولہ بارود کی بجائَے حفاظت، خوراک اور ادویہ کی ضرورت ہے ۔ غزہ کی پٹی کو سیاسی و جغرافیائی کشمکش کی بجائے جنگ کے خاتمے اور امن کے لیے کوششوں کی ضرورت ہے ۔ چین نے فلسطینی نیشنل اتھارٹی اور اقوام متحدہ کے اداروں کے ذریعے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی امداد فراہم کی ہے اور غزہ کے عوام کی ضروریات کے مطابق مادی امداد فراہم کرتا رہے گا۔ وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کے مسئلے کو حل کرنے کا واحد راستہ “دو ریاستی حل” پر عمل درآمد ہے۔ چین جلد از جلد ایک زیادہ مستند، وسیع اور موثر ،بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کو فروغ دیا جاسکے اور اس مقصد کے لئے ایک مخصوص ٹائم ٹیبل اور روڈ میپ تیار کیا جاسکے۔ چین جنگ بندی ، تشدد کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے اپنی پوری کوشش کرتا رہے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes