چین نے 10 سال کے دوران ایک ہزار سے زائد امدادی کھیپ فراہم کی ہیں، چینی ایجنسی
چوتیس ممالک میں طبی ماہرین بھیجے گئے، ویکسین کی 2.3 ارب سے زائد خوراکیں فراہم کی، لو چاؤہوئی
بیجنگ (یواین پی)چین کے قومی محکمہ بین الاقوامی ترقی و تعاون کے سربراہ لو چاؤہوئی نے چین کی ریاستی کونسل کے دفتر اطلاعات کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں چین نے 70 سے زائد ممالک کو ہنگامی امداد کی ایک ہزار سے زائد کھیپ فراہم کی ہیں۔منگل کے روز لو چاؤہوئی نے کہا کہ چین کے غیر ملکی امداد کےلئے بجٹ میں سال بہ سال اضافہ ہوا ہے۔ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے فریم ورک کے تحت اس سال، چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی نے پہلی بار ملکی اور غیر ملکی مالیاتی اداروں سے 12 بلین امریکی ڈالر کے خصوصی فنڈز جمع کیے، جو بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کی مالی اعانت میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔ گزشتہ تین سالوں میں چین نے 153 ممالک اور 15 بین الاقوامی تنظیموں کو بڑی مقدار میں انسداد وبائی مواد کی امداد فراہم کی ہے، 34 ممالک میں طبی ماہرین بھیجے ہیں اور 110 سے زائد ممالک اور چار بین الاقوامی تنظیموں کو ویکسین کی 2.3 ارب سے زائد خوراکیں فراہم کی ہیں۔لو چاؤہوئی نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے 120 سے زائد شراکت دار ممالک میں 2 ہزار سے زائد امدادی منصوبوں کا اہتمام کیا گیا ہے، 80 سے زائد اقتصادی اور تجارتی تعاون کے زونز قائم کیے گئے ہیں، تقریباً ایک ٹریلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کو فروغ دیا گیا ہے، مختلف شعبوں میں ایک لاکھ سے زائد ٹیلنٹ کو تربیت دی گئی ہے اور تقریباً 40 ملین افراد کو غربت سے نکالا گیا ہے۔