اسلام آباد (یو این پی)نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کو رضا کارانہ طور پر ملک چھوڑنے کی مہلت ختم ہوچکی ہے، 2 نومبر سے غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف بڑے آپریشن کا آغاز ہوگا،یہ آپریشن طویل اور مرحلہ وار ہو گا، غیر ملکیوں کو مرضی کی سرحد سے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ فیصل آباد میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ رضاکارانہ طور پر اپنے ملکوں کو واپس جانے والے خاندانوں کو ہم سراہتے ہیں،2 نومبر سے ان غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف بڑے آپریشن کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جس نے اتنے بڑے پیمانے پر مہاجرین کی اتنے لمبے عرصے تک مہمان نوازی کی،افغان مہاجرین اب بھی ہمارے پلان اے کا حصہ نہیں ہے،پاکستان سے وہ وہ لوگ بے دخل ہوں گے جن کے پاس کوئی قانونی دستاویز نہیں ہے،وہ لوگ اپنے اپنے ممالک کو ڈی پورٹ ہوں گے اور 2 نومبر سے ان افراد کو پہلے ہولڈنگ سنٹر بھجوایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دو تین دنوں تک ہولڈنگ سنٹرز میں ان لوگوں کو رکھا جائے گا جہاں انہیں کھانا اور رہائش میڈیکل کی سہولت دی جائے گی،اس کے بعد انہیں ہماری مرضی کے بارڈر سے ڈی پورٹ کریں گے،ان افراد کو چمن،نوشکی،طورخم یا کس بارڈر سے ڈی پورٹ کرنا ہے یہ ریاست کی مرضی سے ہو گا،ہم نے دیکھنا ہے اپنی سہولت، سیکیورٹی اور اس کے مطابق انہیں ڈی پورٹ کا فیصلہ کرنا ہے۔