چینی وزیر اعظم اور وزیر خا رجہ کی جا نب سے بھی دکھ کا اظہار
چین نیپال کو آفات سے متعلق امداد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، شی
بیجنگ (یو این پی)چین کے صدر شی جن پھنگ نے نیپالی صدر رام چندر پوڈیل کے نام ایک تعزیتی پیغام میں نیپال میں زلزلے کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کے روز صدر شی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں نیپال کے صوبہ کرنالی میں آنے والے شدید زلزلے کے بارے میں جان کر صدمہ ہوا جس میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔انہوں نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے جاں بحق افراد کے لیے گہری تعزیت کا اظہار کیا، سوگوار خاندانوں اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔شی جن پھنگ نے یہ اعتماد ظاہر کیا کہ صدر پوڈیل اور نیپالی حکومت کی قیادت میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لوگ مشکلات پر قابو پانے اور جلد از جلد اپنے گھروں کی تعمیر نو کے قابل ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ چین نیپال کو آفات سے متعلق امداد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔اسی روز چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی نیپالی وزیر اعظم پشپا کمل دہل سے تعزیت کا اظہار کیا۔اسی روز چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے بھی اپنے نیپالی ہم منصب ڈاکٹر بملہ رائے پوڈیل سے اظہار تعزیت کیا۔