اسلام آباد ۔۔۔تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اگر وہاں امن قائم نہ ہوا تو بجٹ کے اہداف حاصل نہیں ہو سکیں گے، ہمارے جوانوں نے کراچی ایئر پورٹ پر جس طرح حملہ آوروں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے کراچی اور تفتان کے واقعات پر تحریک التواء جمع کرائی ہے۔ ان سنگین واقعات سے ہم نظریں نہیں چرا سکتے، وزیر داخلہ کو کراچی جانے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے تھی۔ ہمارے جوانوں نے حملہ آوروں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو برسر اقتدار آئے ہوئے ایک سال کا عرصہ ہو گیا ہے‘ دہشت گردی کے سدباب کیلئے پالیسیاں واضح نہیں ہیں۔ کراچی سمیت ملک بھر میں امن وا مان کی صورتحال خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اگر وہاں امن قائم نہ ہوا تو بجٹ کے اہداف کیسے حاصل ہونگے۔