بیجنگ (یواین پی)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے منعقدہ یومیہ پریس کانفرنس میں چین کی معیشت کی ترقی کی شرح نمو کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے نوٹ کیا ہے کہ متعدد بین الاقوامی تنظیموں اور مالیاتی اداروں نے حال ہی میں رواں سال چین کی اقتصادی ترقی کے لئے اپنی پیش گوئیوں میں اضافہ کیا ہے اور او ای سی ڈی کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بھی اس سال چین کی اقتصادی ترقی کی اپنی پیش گوئی کو بڑھا کر 5.4فیصد کردیا ہے۔ علاوہ ازیں جے پی مورگن چیز، گولڈ مین ساکس، سٹی گروپ، یو بی ایس، ڈوئچے بینک، اے این زیڈ بینک اور کئی دیگر مالیاتی اداروں نے بھی رواں سال چین کی اقتصادی ترقی کی پیش گوئیوں کو 5 سے 5.5 فیصد کے درمیان بڑھا یا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مختلف فریقوں کے خیال میں چین عالمی اقتصادی ترقی کا سب سے بڑا انجن ہے اور اس سال عالمی ترقی میں ایک تہائی حصہ ڈالے گا۔جمعہ کے روزوانگ وین بین نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے چین کی معیشت کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے، دنیا کی بڑی معیشتوں میں نمایاں شرح نمو برقرار ہے اور اعلیٰ معیار کی ترقی میں ٹھوس پیش رفت ہو رہی ہے۔ چینی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانا بین الاقوامی برادری کا عام اتفاق رائے بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کی کاروباری برادری کے دوستوں کو چین میں سرمایہ کاری جاری رکھنے، چین کی ترقی سے فائدہ اٹھانے اور چین کی اعلی معیار کی ترقی اور اعلی سطح کے کھلے پن سے پیدا ہونے والے نئے مواقع کا اشتراک کرنے کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں۔