اسلام آباد (یو این پی) قومی اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی ایئر پورٹ پر حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے ان محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، قومی اور تعمیری سوچ میں ہم حکومت کا ساتھ دینگے، توقع ہے کہ جام شہادت نوش کرنے والوں کو مالی اعانت کے ساتھ ساتھ قومی اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن ملک کے مفاد کیلئے وزیر داخلہ کی اس بات سے پوری طرح متفق ہے ہم حکومت کا ساتھ دینا چاہتے ہیں۔ واقعہ کے شہداء کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے ان محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی اور تعمیری سوچ میں ہم حکومت کا ساتھ دینگے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ جن سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ہے اور بہادری اور جرات کی ایک نئی مثال رقم کی ہے توقع ہے کہ انہیں مالی اعانت کے ساتھ ساتھ قومی اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہران بیس حملے اور موجودہ واقعہ کے شواہد ملتے ہیں۔ ہماری آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ ملک کوا تنا بڑا نقصان پہنچانے والوں کا پتہ بھی چلانا چاہئے کہ اس کے پیچھے کون ہے۔ ہم الزام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے تاہم وفاقی اور سندھ کی صوبائی حکومت کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن ہونی چاہئے اور ایک دوسرے کیلئے باہمی احترام کا رشتہ مزید مستحکم بنانا ہو گا۔ ایم کیو ایم کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ وزیر داخلہ کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ و زارت داخلہ نے سندھ حکومت کو ممکنہ دہشت گردی کے حوالے سے اطلاع دی تھی جس کی اطلاع عام پولیس اہلکار کو بھی تھی انہوں نے کہا کہ میڈیا کو احتیاط کے ساتھ رپورٹنگ کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ سمیت ا ہم قومی تنصیبات پر اسلحہ کی نشاندہی کرنے والے آلات غیر موثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تہیہ کرنا چاہئے کہ سب سے پہلے پاکستان اور فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہم ملک کو دہشت گردی سے پاک کر کے دم لینگے۔