دبئی(یو این پی)انڈر19 ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان افغانستان کو 83 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈر19 ٹیم کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نیپال کو 7 اور انڈیا کو 8 وکٹوں سے ہراچکی ہے۔منگل کے روز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پاکستانی ٹیم 48 اوورز میں 303 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم 48.4اوورز میں 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پاکستان کے اوپنرز شامل حسین اور شاہ زیب خان نے ٹیم کو 115 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ شاہ زیب خان 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے79 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شامل حسین نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 7چوکے شامل تھے۔ ریاض اللہ نے5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے۔انڈیا کے خلاف سنچری بنانے والے اذان اویس تین چوکوں کی مدد سے20 رنز بناسکے۔ افغانستان کی طرف سے فریدون داؤدزئی اور بشیر احمد نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ نے افغانستان کی ٹیم کو کسی بھی موقع پر حاوی نہیں ہونے دیا۔ افغانستان کی جانب سے نعمان شاہ چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہے۔پاکستان کی جانب سے عبید شاہ نے 19 اور طیب عارف نے 51 رنز دے کر تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اپنا پہلا انڈر 19 ون ڈے کھیلنے والے خبیب خلیل نے 45 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کرنےو الے پاکستانی بیٹر شامل حسین کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔