فیصل آباد (یو این پی)محکمہ زراعت پنجاب نے سورج مکھی کی کاشت سے متعلق سفارشات جاری کردی ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق امسال صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ25ہزار ایکڑ رقبہ پرسورج مکھی کی کاشت کا ہدف مقررکیا گیا ہیجس سے ایک لاکھ40ہزار ٹن پیداوارحاصل ہوگی۔ترجمان نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی کا شت کے لئے پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،پہلے مرحلہ میں ڈیرہ غازی خان،راجن پور،بہاولپور،رحیم یارخان،ملتان،وہاڑی،بہاولنگر،مظفرگڑھ،لودھراں،بھکراورخانیوال کے اضلاع میں سورج مکھی کی کاشت کا وقت یکم دسمبر تا 31جنوری تک مقرر کیا گیا ہے۔کاشتکارسورج مکھی کی کاشت کے لئے اچھے اگاؤ والے صاف ستھرے دوغلی(ہائبرڈ) اقسام کے بیج کی فی ایکڑمقدار دوکلوگرام رکھیں جبکہ بیج کے اُگاؤ کی شرح90 فیصد ہونی چاہیے اور پودوں کی تعداد22 سے23 ہزار فی ایکڑ ہونی چاہیے۔محکمہ زراعت پنجاب کی سفارش کردہ سورج مکھی کی ہائبرڈ اقسام میں ہائی سن- 33،ٹی- 40318،ایگورا4، ایس 278-، یو ایس 444-، یو ایس 666-،این کے آر منی،آگسن5270،آگسن5264،ایچ ایس ایف350-اے،سن7-،اوریسن648-،اوریسن516،اوریسن675-،اوریسن701-، پارسن 3 اور رائیناشامل ہیں۔سورج مکھی کی زیادہ پیداوارحاصل کرنے کے لئے موزوں وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے کیونکہ تاخیرسے کاشت کی صورت میں نہ صرف سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ تیل کی مقدار میں بھی کمی ہوتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی بہاریہ کاشت زیادہ پیداوار دیتی ہے اس لئے کاشتکاربہاریہ کاشت کو ترجیح دیں۔