قیمتی زر مبادلہ کے حصول کیلئے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی، ترجمان پی ایچ ایم اے

Published on December 15, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 204)      No Comments

 اسلام آباد (یو این پی)ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ کے حصول کیلئے ہمیں بیرونی قرضوں پر انحصار کم کر کے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی جبکہ درآمدات و برآمدات میں بڑھتے ہوئے فرق پر ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے سٹیک ہولڈر زسے قریبی رابطوں اور مشترکہ کوششوں سے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے ترجمان نے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ امپورٹ ایکسپورٹ میں عدم توازن کامرس اینڈ ٹریڈ کے افسران کیلئے بھی بڑا چیلنج ہے جس پر قابو پانے کیلئے انہیں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے سٹیک ہولڈر زسے قریبی رابطوں اور مشترکہ کوششوں کو ممکن بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن بنے ہوئے کپڑے کی تیاری اور برآمد کی سب سے بڑی اور منتخب تنظیم ہے جس کی پاکستان بھر میں ممبر کمپنیوں کی تعداد 1600 سے زائد ہے اور اس ایسوسی ایشن کو ملک میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے جو نٹ وئیر گارمنٹس کی برآمدات سے ملک کیلئے سالانہ 3.2 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کماتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایم اے کے دفاتر فیصل آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ میں بھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بیرونی قرضوں پر انحصار کم کر کے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کو بڑھاناہوگا تاکہ ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ کمایا جاسکے کیونکہ جو ممالک معاشی طور پر مضبوط ہوتے ہیں وہ نہ صرف اندرونی طور پر خوشحال بلکہ بین الاقوامی برادری میں بھی انہیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹریڈ اور کامرس افسران کی تعیناتی سے قومی معیشت کو درست سمت میں ڈالنے کی ابتداکر دی ہے اور توقع ہے کہ یہ افسران نہ صرف ملک وقوم کیلئے مستقبل کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے بلکہ ان کی وجہ سے قومی معیشت بھی تیزی سے ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ برآمدات بڑھانا دراصل وزارت کامرس کے افسروں اور بزنس کمیونٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں مذکورہ افسران کے بزنس کمیونٹی سے براہ راست رابطے ضروری ہیں۔انہوں نے درآمدات میں کمی اور بر آمدات بڑھانے کیلئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کے جلد مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme