کو یت سٹی (یو این پی) چینی صدر شی جن پھنگ کے خصوصی ایلچی اورچین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین شوکرت ذاکر نے کویت کے دارالحکومت کویت سٹی میں مرحوم امیر شیخ نواف کی تعزیتی تقریب میں شرکت کی اور کویت کے نئے امیر شیخ مشال الصبح سے ملاقات کی۔منگل کے روز شوکرت ذاکر نے کہا کہ مرحوم امیر شیخ نواف سے کویت کے عوام کا انتہائی احترام اور محبت کا رشتہ تھا اور انہوں نے اپنی زندگی میں چین کویت دوستی کے فروغ کے لئے انتھک کوششیں کیں ۔ چین کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چین کویت اسٹریٹجک شراکت داری میں نئی پیش رفت کے حصول کے لئے کویت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ امیر شیخ مشال نے صدر شی جن پھنگ کا تعزیتی پیغام بھیجنے اور وائس چیئرمین شوکرت ذاکر کو تعزیت کے لیے خصوصی ایلچی مقرر کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے نئے عہدے پر مبارکباد کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کویت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو گہرا کرنے اور کویت اور چین کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔