بیجنگ (یو این پی) رواں سال چین اور جنوبی افریقہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 25 ویں سالگرہ ہے۔ چین-جنوبی افریقہ تعلقات ایک سنہری دور میں ہیں اور ان کا شمار ترقی پذیر ممالک کے درمیان سب سے زیادہ متحرک دو طرفہ تعلقات میں کیا جاتا ہے ۔ اس ضمن میں چائنا میڈیا گروپ اور ساؤتھ ایفریکن براڈکاسٹنگ کارپوریشن کی مشترکہ پیش کردہ دستاویزی سیریز ” چین-جنوبی افریقہ دوستانہ تعاون کے پچیس سال” 28 دسمبر سے نشر ہوگی۔اس دستاویزی سیریز کا آغاز صدر شی جن پھنگ کے جنوبی افریقہ کے چوتھے سرکاری دورے سے ہوتا ہے جس میں چین اور جنوبی افریقہ کے مابین سفارتی، اقتصادی تعاون اور عوامی و ثقافتی تبادلوں میں حاصل ہونے والے ثمرات کا جامع اظہار ہے۔ دستاویزی سیریز 3 اقساط پر مشتمل ہے اور ہر قسط کا دورانیہ 30 منٹ ہے۔سیریز کا پریمیئر 28 دسمبر سے 30 دسمبر تک چائنا میڈیا گروپ کے سی سی ٹی وی انٹرنیشنل ، سی جی ٹی این انگلش اور سی جی ٹی این ڈاکیومینٹری چینل پر ہوگا۔ اس کے علاوہ یہ سیریز 29 سے 31 دسمبر تک سی جی ٹی این کے فرانسیسی اور عربی چینلز پر بھی نشر کی جائے گی ۔