صوبہ پنجاب میں مرچ کی کاشت کا رقبہ 19ہزارایکڑتک پہنچ گیا

Published on January 18, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 254)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ماہرین سبزیات نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نومبر کاشتہ مرچ کی اگیتی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی شروع کردیں کیونکہ پنجاب کے اضلاع اوکاڑہ،بہاول نگر،رحیم یار خاں، بہاول پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرانوالہ،قصور، شیخوپورہ، لیہ اور تلہ گنگ وغیرہ میں موجودہ موسم مرچ کی شاندار پیداوار کیلئے انتہائی موزوں ہے اور جب کہرو دھند کی شدت میں کچھ کمی آجائے تومرچ کی پنیری کی منتقلی سے اچھی پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکتاہے۔انہوں نے بتایاکہ مرچ پنجاب کی ایک اہم مصالحہ دار سبزی ہے جس میں حیاتین،معدنی نمکیات، نشاستہ اور طاقت کی اکائیاں پائی جاتی ہیں نیزمرچ پاکستان میں سارا سال ملتی رہتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے اضلاع اوکاڑہ،بہاول نگر،رحیم یار خاں، بہاول پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرانوالہ،قصور، شیخوپورہ، لیہ اور تلہ گنگ میں 19ہزارایکڑ سے زائد رقبہ پر اس کی کاشت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار مرچ کی نرسری کی منتقلی سے پہلے کھیت کواچھی طرح ہموار کریں کیونکہ کھیت کا ہموار ہونا مرچ کے مرجھاؤ جیسی خطر ناک بیماری کے حملہ سے بچاؤ اور اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے بہت مدد گار ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کھیت کی تیاری کے وقت پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعد میں دو،تین ہل بمعہ سہاگہ دے کر زمین کواچھی طرح تیار کریں نیز زمین تیار کرنے کے بعداڑھائی فٹ کے فاصلہ پر 8سے10انچ گہری کھیلیاں بنائیں اور پنیری کی منتقلی سے قبل کھیت کی ہلکی آبپاشی کریں اور پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑیں کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مرچ کی نرسری کی منتقلی سے پہلے کھیلیوں میں پانی لگائیں اوروتر سطح سے اوپر کھیلیوں کے دونوں طرف 30سینٹی میٹر کے فاصلہ پرایک ایک پودا لگائیں۔انہوں نے کہاکہ پہلی3 آبپاشیاں 7 یا8 دن کے وقفہ سے لگائیں اس کے بعد آبپاشی کا دورانیہ بڑھادیں۔انہوں نے بتایاکہ مرچ کی اچھی فصل حاصل کرنے کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی بہت ضروری ہے۔علاوہ ازیں پودوں کی منتقلی کے بعد 45دن کے اندر2 سے3 گوڈیاں کرنا اور آخری گوڈی کے بعدپودوں کی جڑوں کے ساتھ مٹی چڑھانا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار اوسط ذرخیز زمینوں میں 1 بوری ڈی اے پی، 1 بوری سلفیٹ آف پوٹاش اور1بوری امونیم نائٹریٹ بوقت پنیری منتقلی کھیت میں ڈالیں اسی طرح پنیری کی منتقلی کے ایک ماہ بعد1 بوری امونیم سلفیٹ یا آدھی بوری یوریا فی ایکڑبھی ڈالیں تاکہ شاندار فصل حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog