فیصل آباد (یو این پی)پنجاب میں چنے کی کاشت کارقبہ 21لاکھ 90ہزار ایکڑ اور پیداوار 4لاکھ 9ہزار ٹن سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ جڑی بوٹیوں پر قابو پا کر چنے کی پیداوار میں مزید اضافہ بھی کیاجاسکتاہے۔پلسز ریسرچ انسٹیٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادکے ترجمان نے کہاکہ چنے کے کاشتکار فصل میں جڑی بوٹیوں کے تدارک پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ اس مرحلہ پر وتر اچھا ہونے کی وجہ سے جڑی بوٹیاں تیزی سے اگتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل ہے اور پنجاب میں چنے کا تقریباً 92فیصد رقبہ بارانی علاقوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ چنے کی فصل سے بھرپور پیداوار کے حصول کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی، سنڈیوں اور کیڑوں پر کنٹرول انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر فصل پر دیمک یا ٹوکے کا حملہ نظر آئے تو زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے امریکن سنڈی حملہ آور ہو سکتی ہے لہٰذا کاشتکار بھائی اپنے کھیت کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور حملہ کی صورت میں سفارش کردہ زہر کے سپرے سے بروقت تدارک کریں