کراچی(یواین پی) پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 165 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو 108 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کولن منرو 82 اور الیکس ہیلز 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔عماد وسیم صفر پر پویلین لوٹ گئے، آغا سلمان نے 25 اور کپتان شاداب خان نے 10 رنز کے ساتھ میچ کو اختتام تک پہنچایا۔کراچی کنگز کی طرف سے محمد نواز، حسن علی اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ کیرون پولارڈ 48 اور عرفان خان 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔کپتان شان مسعود نے 27، ٹیم سیفرٹ نے 8، لیوس ڈوپلوئے نے 24 ، شعیب ملک اور محمد نواز نے 6، 6 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان اور حنین شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔رواں ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز اپنے 4 میچز جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز کھیل چکی ہے۔ کراچی کنگز کو دو میچوں میں شکست اور دو میں فتح حاصل ہوئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین میچز میں شکست اور دو میں کامیابی ملی ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ رن ریٹ بہتر ہونے کی بنیاد پر چوتھی پوزیشن پر آگئی جبکہ کراچی کنگز چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر چلی گئی۔ دونوں ٹیموں کے چار، چار پوائنٹس ہیں۔