اسلا م آ باد (یواین پی) ٠سی جی ٹی این اردو کی جانب سے اسلام آباد میں “چین کی اقتصادی ترقی اور پاکستان کے لیے مواقعوں” کے عنوان سے ایک راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں پاکستانی سیاسی شخصیات، چینی اور پاکستانی کاروباری اداروں کے نمائندوں، ماہرین اور اسکالرز اور مین اسٹریم میڈیا کے سربراہان سمیت 40 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ چینی حکومت کی 2024 کی ورک رپورٹ کی بنیاد پر، اجلاس میں شرکاء نے چین کی اقتصادی ترقی اور چین پاک اقتصادی راہداری کے “اپ گریڈ ورژن” کی تعمیر جیسے موضوعات پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا اور بات چیت کی۔کانفرنس کے شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا، جس سے ملک میں براہ راست روزگار کے مواقعے بھی پیدا ہوئے، جبکہ دونوں ممالک کو اب زراعت، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سمال انڈسٹریز کی اپ گریڈیشن اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے پاکستان میں چینی سفارت خانے کے پولیٹیکل سیکرٹری وینگ شینگ یی اور سابق نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت سی پیک سمیت پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں اور ان کے مثبت اثرات سے متعلق اظہار خیال کیا اور چائنہ میڈیا گروپ اردو سروس اور سی جی ٹی این اردو کو راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے انعقاد پر سراہا۔