اسلام آباد ۔۔۔سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی غیر اعلانیہ دورے پر مردان پہنچ گئیں اور 220 کے وی ‘ این ٹی ڈی سی گرڈ سٹیشن کا معائنہ کیا جہاں پر 160 کلوواٹ کے ٹرانسفارمر میں نقص پیدا ہونے سے علاقہ کی بہت بڑی آبادی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے خراب ٹرانسفارمر کی جگہ پر دوسرا ٹرانسفارمر لگانے میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا اور این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کو ہدایات جاری کیں کہ وہ 72 گھنٹوں میں گرڈ کو نیا ٹرانسفارمر فراہم کرے تاکہ صارفین کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔ ٹرانسفارمر میں خرابی کے باعث نوشہرہ‘ صوابی‘ مردان‘ تخت بھائی‘ سوات جبکہ چترال کے بعض علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے پیسکوکے طورو ‘ سٹی ٹو‘ سٹی اور رورل سب ڈویژنز کے علاوہ کسٹمر سروس سنٹرز کا بھی دورہ کیا اور پیسکو کے سربراہ کو صارفین کو خدمات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مردان کے تقریباً 900 شہریوں کو گھریلو کنکشنز کی عدم فراہمی کا بھی سخت نوٹس لیا اور اس حوالے سے پیسکو چیف کو ہدایات جاری کیں۔