بیجنگ (یوا ین پی) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں یوکرین بحران پر چین کے خصوصی نمائندے کی جانب سے شٹل ڈپلومیسی کے دوسرے دور کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ چینی خصوصی نمائندے لی ہوئی کے روس، یوکرین اور متعلقہ یورپی ممالک کے دورے کے دوران انہوں نے تمام فریقوں کے ساتھ اس بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح جنگ بندی حاصل کی جائے اور بحران کے سیاسی تصفیے کو فروغ دیا جائے۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا گروپ کے مطا بق لی ہوئِی نے کہا کہ تمام فریق شٹل ثالثی میں چین کی کوششوں کو سراہتے ہیں، اور سب چین کے زیادہ تعمیری کردار کے منتظر ہیں، اور متفقہ طور پر اتفاق کرتے ہیں کہ چین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور روس اور یوکرین کے مشترکہ دوست کی حیثیت سے، دونوں ممالک اور تمام فریقوں کے درمیان ثالثی کر سکتا ہے اور معلومات پہنچا سکتا ہے، تاکہ اختلافات کو محدود رکھتے ہوئے تمام فریق مشترکہ بنیاد تلاش کر کے اتفاق رائے پر پہنچتے ہوئے امن مذاکرات کے انعقاد کے لئے مزید سازگار حالات پیدا کریں ۔ لی ہوئی نے اس بات پر زور دیا کہ چین روس اور یوکرین کی جانب سے تسلیم شدہ بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد کی حمایت کرتا ہے جس میں تمام فریقوں کی مساوی شرکت اور منصفانہ بات چیت ہو۔ چین یوکرین بحران کے سیاسی تصفیے کو فروغ دینے کے لئے چینی دانشمندی کے ذریعے اپنا منفرد کردار ادا کرتا رہے گا ۔