چین ناؤرو تعلقات نے ایک نئے تاریخی باب کا آغاز کیا ہے، چینی صدر

Published on March 25, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 60)      No Comments

دونوں اطراف کے درمیان تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، شی جن پھنگ
بیجنگ(یواین پی) چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے ناؤرو کے صدر ڈیوڈ ایڈیون سے ملاقات کی ہے۔پیر کے روز چینی میڈ یا گرو پ کے مطا بق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ اس سال جنوری میں ناؤرو نے ایک چین اصول پر عمل پیرا ہونے اور چین کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا جو تاریخ کے عمومی رجحان کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ناؤرو تعلقات نے ایک نئے تاریخی باب کا آغاز کیا ہے۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور ناؤرو کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مساوات، باہمی فائدے اور باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین ناؤرو کے ساتھ تبادلے و بات چیت کو مضبوط بنانے، باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے تعلقات کی سیاسی بنیاد کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین ناؤرو کی بیلٹ اینڈ روڈ میں شرکت کا خیرمقدم کرتا ہے ، ناؤرو کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور دیگر شعبوں میں عملی تعاون کو وسعت دینے کے لیے تیار ہے اور ناؤرو کی خودمختار و پائیدار ترقی کےلیے غیر مشروط امداد فراہم کرے گا۔چین کے صدر نے کہا کہ چین ناؤرو کے ساتھ مساوی اور منظم کثیر قطبی اور جامع اقتصادی عالمگیریت کی وکالت کرنے اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر کوششیں کرے گا۔ صدر ڈیوڈ ایڈیون نے کہا کہ ناؤرو ایک چین کے اصول کی پاسداری کرے گا اور چین کے ساتھ نتیجہ خیز اور باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناؤروبیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر میں فعال طور پر حصہ لے گا اور ان کا ملک گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو، گلوبل سیکورٹی انیشیٹو، گلوبل سولائزیشن انیشیٹو کو نافذ کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔ بات چیت کے بعد، دونوں سربراہان مملکت نے “بیلٹ اینڈ روڈ” کی مشترکہ تعمیر، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو، اقتصادی ترقی، زراعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات سے قبل ناؤرو کے صدر ڈیوڈ ایڈیون کے لیے ایک استقبالیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا تھا ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog