پاکستان چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے، تر جمان
بیجنگ (یواین پی) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے داسو دہشت گرد حملے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مقامی وقت کے مطابق 26 مارچ کو دوپہر ایک بجے کے قریب خیبرپختونخوا میں داسو ہائیڈرو پاور اسٹیشن پراجیکٹ کی ایک گاڑی کو راستے میں دہشت گردی کے حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔بدھ کے روز ترجمان نے دہشت گردی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کی ،قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و تعزیت اور متاثرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔چین نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حملے کی مکمل تحقیقات کر کے قصورواروں کو سخت سزا دی جائے اور ساتھ ہی پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسی روز پاکستان میں چینی سفارت خانے جا کر تعزیت کی، متاثرین کے اہل خانہ اور چینی حکومت سے تعزیت کا اظہار کیا، دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کی پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ اسی روز پاکستان کے صدر آصف علی زرداری ، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سمیت متعدد معزز شخصیات نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور متاثرین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار اور فولاد جیسے مضبوط بھائی ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ چین پاکستان تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔