بیجنگ (یواین پی) چین کے صدر شی جن پھنگ نے ایچ بی آئی ایس گروپ سمیڈریوو اسٹیل پلانٹ میں کام کرنے والے سربیا کے کارکنوں کے نام ایک جوابی خط دیا ۔بدھ کے روز شی جن پھنگ نے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ چین اور سربیا کی دوستی میں نیا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ 2016 میں سربیا کے اپنے سرکاری دورے کے دوران انہوں نے سمیڈریوو اسٹیل پلانٹ میں مزدوروں سے بالمشافہ ملاقات کی تھی اور چین اور سربیا کے مابین باہمی فائدہ مند تعاون کے لئے ان کی حمایت اور اسٹیل پلانٹ کے روشن مستقبل کے لئے اعلیٰ توقعات کو گہرائی سے محسوس کیا تھا۔انہوں نے کارکنوں کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہوا کہ دونوں اطراف کی انتظامی ٹیموں اور خود کارکنوں کی مشترکہ کاوشوں سے سٹیل پلانٹ نے ایک نیا روپ دھار لیا ہے جس سے سمیڈریوو سٹی کی ترقی کے لئے مضبوط حمایت فراہم کی گئی ہے۔چینی صدر نے کہا کہ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ سٹیل پلانٹ نے چینی انٹرپرائز کی سرمایہ کاری کے بعد نقصان کو تیزی سے منافع میں بدل دیا ہے ، جس میں 5000 سے زیادہ ملازمین کو روزگار کی ضمانت دی گئی ہے ، اور ہزاروں خاندان پرامن اور خوشگوار زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیل پلانٹ کی ترقی مزدوروں کی لگن اور محنت کے بغیر حاصل نہیں کی جا سکتی جو سٹیل پلانٹ کی تیز رفتار ترقی کے لئے تندہی سے کام کر رہے ہیں اور چین اور سربیا کے درمیان آہنی دوستی کا ایک نیا باب رقم کر رہے ہیں۔