اسلام آباد ۔۔۔ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کو تین ماہ کا ٹائم فریم دیا گیا ہے۔ ہمیں دن رات کام کرنا ہو گا جبکہ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ (آج) جمعہ کو ہی اجلاس کے بعد کمیٹی کو حتمی شکل دیکر کام کا آغاز کر دینا چاہئے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے ہم سب دعاگو ہیں کہ اللہ انہیں صحت کامل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرعاظم کے خط کے نتیجے میں اپوزیشن نے مشاورت کی تاکہ ہمارے ملک کے انتخابات کا شفاف انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔ عمران خان نے پہلی تقریر میں یہی بات کی تھی پورے ایوان نے وزیراعظم کے نیک جذبے کو سمجھا ہے۔ ہمیں ملک میں صاف، شفاف انتخابات کرانے والا الیکشن کمیشن چاہئے۔ ہمیں غیر جانبدار نگران سیٹ اپ اور انتخابات میں گڑبڑ کرنے والوں سے نمٹنے کیلئے سخت قوانین چاہئیں ہونگے۔ کمیٹی کو تین ماہ کا ٹائم فریم دیا گیا ہے۔ ہمیں دن رات کام کرنا ہو گا۔ اگر آئین میں ترمیم کرنا پڑے تو وہ بھی کی جائے۔ تین ماہ کے بعد اس کمیٹی کا وجود باقی نہیں رہنا چاہئے۔ سپیکر نے کہا کہ کل ہی ہمیں اجلاس کے بعد بیٹھ کر کمیٹی کو حتمی شکل دے کر کام کا آغاز کر دینا چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔