پی ٹی آئی رہنماء کریمنل کیس کے ٹرائل میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، آئی جی جیل خانہ جات شاہ محمود کو اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کرے،عدالت
لاہور(یوا ین پی) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست مسترد کر دی،پی ٹی آئی رہنما کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک حاضری کی درخواست پر جج خالد ارشد نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کریمنل کیس کے ٹرائل میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ آئی جی جیل خانہ جات شاہ محمود کو اڈیالہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل کرے۔عدالت نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی سے لاہور کا سفر بہت تکلیف دہ ہے۔ ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرنے کی درخواست منظور کرے۔عدالت نے شاہ محمود قریشی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت ہونے کا حکم دیدیا۔سابق وزیرخارجہ نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی سے لاہورکا سفربہت تکلیف دہ ہے اس لئے عدالت ویڈیو لنک پرحاضری مکمل کرنے کی درخواست منظور کرے۔خیال رہے کہ چند روز قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جلاو گھیراو سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی تھی۔شاہ محمود قریشی پر 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاو گھیراو سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، شاہ محمود قریشی کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب کیا گیا تھا۔شاہ محمود قریشی کوانتہائی سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کیا گیا تھا۔انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کے خلاف کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی اور عدالت نے جلاو گھیراو کیس میں ان پر فرد جرم عائد کر دی تھی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، سابق وزیر خارجہ کو چار روز قبل انسداد دہشتگردی عدالت میں زیرسماعت مقدمات کیلئے لاہور منتقل کیا گیا تھا تاہم پیشی کے بعد شاہ محمود قریشی کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔