صدر مملکت کا پاکستان نیوی مڈ شپ مین کی 101 ویں ٹرم اور دسویں آفیسرز کلاس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

Published on June 21, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 528)      No Comments

images
کراچی (یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن و استحکام کا خواہاں ہے اور ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے، ہم تمام ممالک بشمول پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان نیوی مڈ شپ مین کی 101 ویں ٹرم اور دسویں آفیسرز کلاس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں منعقد ہوئی جس میں مجموعی طور پر 108 افسران نے کمیشن حاصل کیا۔ اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ، سینئر نیول افسران، غیر ملکی سفیروں، مسلح افواج کے افسران، اعلی سول شخصیات اور کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے والدین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین کی آمد پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے ان کا استقبال کیا۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے، پاکستان سمندروں کی آزادی اور ان کے ذریعے ہونے والی آزادانہ تجارت کا بھی حامی ہے اور اس ضمن میں متوازن خارجہ پالیسی اپنائے ہوئے ہے جو تمام ممالک بالخصوص ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مستحکم اقتصادی روابط اور خوشگوار تعلقات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن و استحکام کا خواہاں اور ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کمیشن حاصل کرنے والے افسران اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے لئے خوشی کا موقع ہے۔ انہوں نے کمیشن افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو آپ سے بھرپور توقعات ہیں کہ آپ لیڈر شپ اور قیادت کے روایتی تصورات میں نئی جہیتں متعارف کرائیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آپ ایک نہایت معزز ادارے کا حصہ بن چکے ہیں جس کا نظم وضبط اور کام کا معیار قابل تقلید ہے، ان روشن روایات کی پاسداری اپنے کردار کی مضبوطی، پوری ایمانداری اور مکمل وقار کے ساتھ کریں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے مزید کہا کہ ایک ماہر فوجی افسر میں اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کا ہونا نہایت اہم ہے، ایک حقیقی لیڈر اگلی صف میں رہ کر قیادت کرتا ہے اور دوسروں کے لئے مثال قائم کرتا ہے جس کی بدولت اس کے ماتحت کام کرنے والوں کی وفاداریاں اس کے ساتھ رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لیڈر کو نہ صرف ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہونا چاہئے بلکہ اس میں نئے رجحانات کو اپنانے اور مشکل حالات میں تحمل مزاج اور ثابت قدم رہنے کی بھی صلاحیت ہونی چاہئے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ نے افسروں کو دی جانے والی تربیت کے نمایاں پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشننگ ٹرم 76 مڈ شپ مین پر مشتمل ہیں جن میں سے 29 کا تعلق برادر ملک سعودی عرب سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 32 شارٹ سروس کمیشن افسران بھی کمیشن حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں میں انعامات تقسیم کئے۔ مڈ شپ مین زعیم الحسنین کو ان کی مجموعی بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر عطا کی گئی جبکہ مڈ شپ مین سعود الرحمان نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ کیڈٹ محمد حسن، ایکٹنگ سب لیفٹنٹ سید محمد ارسلان اور کیڈٹ سعد احمد کو بالترتیب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل، قائداعظم گولڈ میڈل اور کمانڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes