مصطفی آباد/للیانی(یواین پی)صوفیائے کرام نے امن ،محبت ،بھائی چارے کے فروغ کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیاہے اورصوفیائے کرام کے پیغام کو فروغ دینے کی آج اشدضرورت ہے تاکہ ملک میں جاری شدت پسندی ، دہشت گردی، انارکی اور نفسا نفسی کے ماحول کا تدارک کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ پیر سید غلام محی الدین شاہ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلامی تعلیمات کی ترویج ، بھائی چارے ،امن اور اخوت کے فروغ کے لیے صوفیائے کرام کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے برصغیر میں اسلام کی ترویج صوفیاء کی بدولت ہے ،صوفیاء کرام نے معاشرے کو جوڑنے کا پیغام دیا ہے اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو سینے سے لگایا ،انہوں نے کہاکہ آج وطن عزیز پاکستان بہت سے اندرونی و بیرونی مسائل سے دوچار ہے جن میں شدت پسندی، انارکی اور عدم برداشت سرفہرست ہیں ان تمام مسائل سے نجات پانے کے لیے پاکستانی عوام ایک بار پھر صوفیاء کرام کی تعلیمات کی طرف رجوع کرے تو کچھ بعید نہیں کہ وطن عزیز کو ان عفریت سے نجات دلائی جاسکے