اسلام آباد (یواین پی) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ہٹا کر ان کی جگہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بشیرمیمن کو گورنربنانے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بیان میں کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کامران ٹیسوری اس وقت گورنر کے عہدے پر فائز ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بشیر میمن کو گورنر سندھ بنائے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔خیال رہے کہ چند روز سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کی جگہ بشیرمیمن کو سندھ کا گورنر بنایا جائے گا۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بھی ان خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم فیصلوں میں ہم سے مشاورت کرتے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے مشاورت نہیں کی ہے اس لیے اس خبر میں صداقت نہیں ہے۔