بیجنگ(یواین پی)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے غزہ کی پٹی میں ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کو غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری ہلاکتوں پر گہری تشویش ہے۔ ہم عام شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، بین الاقوامی انسانی قوانین کی کسی بھی خلاف ورزی کی مخالفت کرتے ہیں، اور اسرائیل سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی برادری کی آواز غور سے سن کر فوری طور پر فائیر بندی کرے، عام شہریوں کے تحفظ کی ہر ممکن کوشش کرے اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرے۔لین جیئن نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو غزہ میں انسانی تباہی کو کم کرنے اور ختم کرنے کے لئے مل کر مزید کام کرنا چاہئے۔