صوبہ پنجاب میں ہفتہ وار دو تعطیلات کے باعث سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے، ہفتہ اور اتوار چھٹی ہوگی
لاہور/کراچی (یو این پی ) صوبہ سندھ اور پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد سکول دوبارہ کھل گئے اور تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد آج سے سرکاری اور نجی سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں، سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے، اساتذہ نے چھٹیوں کے بعد پہلے دن آنے پر مختلف سرگرمیوں سے بچوں کی حوصلہ افزائی کی، پہلے روز حاضری معمول سے کم ہے جو بچے غیر حاضر ہیں ان کو جلد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے، ہفتہ اور اتوار چھٹی ہوگی، مرد اساتذہ پیر سے جمعرات صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک سکولز میں رہیں گے تاہم خواتین اساتذہ کو ڈھائی بجے چھٹی ہوگی، ڈبل شفٹ والے سکولزمیں پہلی شفٹ صبح 8 سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہوگی اور دوسری شفٹ کا وقت دوپہر ایک بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، جمعے کو سکول صبح 8 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔معلوم ہوا ہے کہ صوبہ سندھ میں بھی گرمیوں کی تعطیلات ختم ہونے پر تعلیمی ادارے آج سے کھل چکے ہیں، صوبائی وزیرتعلیم سید سردار علی شاہ کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی بار سندھ میں اساتذہ لائسنس پالیسی و دیگر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے پہلے صوبہ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد یکم اگست سے سکول دوبارہ کھلنا تھے لیکن صوبائی محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے گرمی کی شدت اور برسات کے امکان کے باعث موسم گرما کی تعطیلات 14 اگست تک بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔