بیجنگ (یواین پی) چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین افریقہ تعاون فورم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے سیرالیون کے صدر جولیس مادوبیو سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ملاقات کی۔بدھ کے روز شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے تیسرے کل رکنی اجلاس میں ہمہ جہت اصلاحات کو مزید گہرا کرنے اور چینی طرز کی جدیدکاری کو فروغ دینے کے لئے منظم انتظامات کیے گئے ہیں جس سے افریقی ممالک سمیت دنیا بھر کے ممالک کو مزید مواقع ملیں گے۔ چین ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، زراعت، بنیادی تنصیبات، وسائل اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے، اقتصادی منصوبوں کو نافذ کرنے اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو مسلسل بہتر بنانے کے لئے سیرالیون کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔صدر جولیس مادوبیو نے سیرالیون کی اقتصادی ترقی کے لئے چین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور فریقین کے درمیان زراعت اور سلامتی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔ان کا کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ متعدد گلوبل انیشی ایٹوز نے عالمی امن اور ترقی کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔سیرالیون ایک چین کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے اور چین کا قابل اعتماد دوست بننے کو تیار ہے۔