ملتان (یو این پی)سابق انگلش کپتان و کمنٹیٹر ناصر حسین نے منفرد اسٹائل کی وجہ سے آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ سے تشبیہ دیدی۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ڈیبیو پر سینچری اسکور کرنے والے کامران غلام کو انگلش کمنٹیٹر ناصر حسین نے اسٹیو اسمتھ کی طرح منفرد بیٹنگ اسٹائل پر سراہا۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ کامران غلام نے جلد وکٹیں گرنے بعد اٹیک اور دفاع کے درمیان صحیح توازن قائم کیا ہے، پاکستانی کھلاڑی عام طور پر سوئپ شارٹس پسند کرتے ہیں لیکن انہوں نے فٹ ورک کا بہترین استعمال کیا۔خیال رہے کہ کامران غلام کو سابق کپتان بابراعظم کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا جو مسلسل ٹیسٹ کرکٹ میں ناقص فارم کی وجہ سے تنقید کی زد میں تھے۔کامران غلام نے ڈیبیو پر سینچری اسکور کرنے والے 13ویں پاکستانی کرکٹر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔