راولپنڈی(یو این پی)قومی ٹیم کے ریڈ بال فارمیٹ کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کی انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن کے بعد پانی کی بوتلیں اٹھانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا سائٹس پر ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کی پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد پانی کی خالی بوتلیں اٹھانے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔گراؤنڈ ٹریننگ سیشن کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے خالی بوتلیں گراؤنڈ میں ہی پھینک دی تھیں جنہیں سابق کرکٹرز نے اٹھایا تاکہ میدان کو صاف رکھا جاسکے۔مداحوں نے ہیڈکوچ کے عاجزانہ رویے کی تعریف کی جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ ان کا عمل ترقی یافتہ ملک سے تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔ایک اور صارف نے لکھا کہ قومی کرکٹرز کو اپنے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی سے کچھ اچھی عادات بھی سیکھنے کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ پاکستان نے ملتان میں دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے، اس ٹیسٹ میچ میں اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان نے تمام 20 وکٹیں لے کر 2021 کے بعد پہلی جیت میں اہم کردار کیا۔