بیجنگ (یواین پی) پیرو کے دارلحکومت لیما میں چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے اعلیٰ معیار کی فلم اور ٹیلی ویژن نشریات کا آغاز کیا گیا۔پیرو کے مین اسٹریم میڈیا میں “خوشحالی کی راہ” جیسے 20 سے زیادہ اعلیٰ معیار کے پروگرام نشر کیے جا رہے ہیں۔ پیرو کے وزیر اعظم گستاوو ایڈرینسن اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شن ہائی شیونگ نے اس موقع پر ورچوئل تقاریر کیں۔ گستاوو ایڈرینسن نے کہا کہ پیرو اور چین دونوں قدیم تہذیبیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی جڑیں لوگوں کے دلوں میں گہری ہیں۔ چائنا میڈیا گروپ نے پیرو کے ناظرین کے لئے مختلف قسم کے چینی فلم اور ٹیلی ویژن پروگرام پیش کیے ہیں ، جو دونوں عوام کے مابین دوستی اور باہمی تفہیم کو مزید فروغ دیں گے۔ شن ہائی شیونگ نے کہا کہ چائنا میڈیا گروپ اور پیرو کے ذرائع ابلاغ کے اشتراک سے اعلیٰ معیار کے فلم اور ٹیلی ویژن پروگراموں کی نشریات کا مقصد دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو فعال طور پر نافذ کرنا اور چین اور پیرو کے درمیان افرادی و ثقافتی تبادلوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ تقریب میں چائنا میڈیا گروپ نے پیرو کے قومی ریڈیو اور ٹیلی ویژن گروپ اور پیرو کے اخبار “لا ریپبلکا” کے ساتھ فلم اور ٹیلی ویژن پروگراموں کی نشریات پر تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔ چین اور پیرو کے معزز مہمانوں نے مشترکہ طور پر سی ایم جی کے اعلیٰ معیار کی فلم اور ٹیلی ویژن پروگراموں کی پیرو میں نشریات کا آغاز کیا۔ نشریات کی موجودہ سرگرمی رواں سال کے اختتام تک جاری رہے گی۔ پیرو کے قومی ٹیلی ویژن، لاطینی ٹیلی ویژن، اخبار “لا ریپبلکا” ، اخبار پیرو، اخبار ایل کمیون اور پیرو کے بہت سے دیگر ذرائع ابلاغ نے اس تقریب کی کوریج اور رپورٹنگ کی۔