آئندہ 10 سال میں بجلی کی قیمت مزید ناقابل برداشت ہوجائے گی، اویس لغاری
اسلام آباد(یواین پی) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو بجلی کی قیمتیں بڑھتی رہیں گی، آئندہ 10 سال میں بجلی کی قیمت مزید ناقابل برداشت ہوجائے گی، طلب 10سال تک سالانہ 2.8 فیصد بڑھنے کے باوجود بجلی ٹیرف میں اضافے کارجحان رہیگا،آئی پی پیز معاہدوں میں کچھ نہیں کر سکتے تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی کامزید کہنا تھا کہ آئی پی پیزمالکان کی مہربانی ہے کہ انہوں نے اپنا منافع قربان کیا۔سولر نیٹ میٹرنگ کیلئے ریگولیشنز اور پرائسنگ میکینزم تبدیل کرنا پڑے گا۔ دعا کریں افغانستان میں سینٹرل ایشیا،ساوتھ ایشیا الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن اینڈ ٹریڈ پروجیکٹ (کاسا-1000) کا انفرا اسٹرکچر نہ لگ سکے۔ورنہ کاسا منصوبے کی مہنگی بجلی کی قیمت کون ادا کرے گا؟۔وفاقی وزیر نے مستقبل کے درآمدی بجلی منصوبے کاسا کو مہنگا قراردیدیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سولر نیٹ میٹرنگ کی رفتار کم کرنے کیلئے ریگولیشن اور پرائسنگ میکینزم میں تبدیلی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کے الیکٹرک کی طرح ڈسکوزکو بھی سبسڈی دیناہے تو ان کمپنیوں کی نجکاری کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔مئی جون میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کیلئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں آئیں گی۔وفاقی وزیر توانائی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ڈسکوزکی نجکاری کو بہت باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں۔کے-الیکٹرک کی نجکاری کے باوجود 170ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑ رہی ہے۔ تین تین ڈسکوز کو 500 ارب روپے مزید سبسڈی دینا پڑ جائے گی، ان تمام معاملات کو نجکاری کے عمل میں سامنے رکھیں گے۔کیپٹو پاور پلانٹس کو مرحلہ وار گیس کم کی جائے گی۔ آئی ایم ایف شرط کو ذمہ داری سے پوراکیاجائے گا۔ سولر نیٹ میٹرنگ کیلیے ریگولیشنز اور پرائسنگ میکانزم تبدیل کرنا پڑے گا۔عوام نیٹ میٹرنگ اور آف گرڈ پر جا رہے ہیں۔ ریگولیشنز اور پرائسنگ کو ریشنالائز کئے بغیر سولر سے عوام کو روک نہیں سکتے۔
سولر پینلز ایک سے دو لاکھ روپے تک مہنگے ہو گئے
لاہور(یواین پی)سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا، 5 سے 15 کلوواٹ کے سولر سسٹم ایک سے 2لاکھ روپے مہنگے ہوگئے۔موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مارکیٹ میں کمپنیوں نے آن گرڈ سسٹم پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے،عوام کو ہائبرڈ سسٹم کے لئے بیٹریوں کی اضافی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔مارکیٹ کمپنیوں کے مطابق 5 کلو واٹ کا سولر سسٹم ایک لاکھ روپے اضافے سے 7 لاکھ 50 ہزار روپے، 7 کلوواٹ کا سسٹم ڈیڑھ لاکھ روپے اضافے کے ساتھ ساڑھے 8 لاکھ روپے،10 کلوواٹ سسٹم کی قیمت میں 2 لاکھ روپے اضافہ ہوا جس سے قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے ہو گئی۔12 کلوواٹ کا سسٹم ڈیڑھ لاکھ روپے اضافے سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 15 کلو واٹ سسٹم کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے اضافے سے 14 لاکھ روپے کا ہوگیا۔ اس طرح سولر پینلز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔
شرح سود میں اڑھائی فیصد کمی 15فیصدکرنے سے13کھرب بچت،معاشی مشکلات کم ہونگی، خادم حسین
لاہور(یواین پی)فاؤنڈرز گروپ کے سرگرم رکن پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے نئی مانیٹرنگ پالیسی میں شرح سود میں ڈھائی فیصد کمی کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرح سود میں کمی سے اب یہ15فیصد ہوگئی ہے شرح سود میں کمی سے حکومت کو 13کھرب کی بچت ہوگی سود کے اخراجات کم ہوکر8,5ٹریلین روپے پر پہنچ گئے زرمبادلہ ذخائر بڑھ جائینگے۔انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے ذرائع میں اضافہ ہوگا۔اب لوگ شرح سود کم ہونے سے نئے کاروبار کے لیے قرضے لینگے جس سے ملک میں نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آئے اور لوگوں کو روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونگے اور ملکی پیداوار میں اضافہ سے بیرون ملک برآمدات میں اضافہ سے حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے حکومت کی معاشی مشکلات میں کمی ہوگی۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور روڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس سے معیشت مستحکم ہوگی۔شرح سود میں کمی سے سٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں زبردست سرگرمی ہوئی مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم ہوا اور کے ایس سی 100انڈیکس میں 1078پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ91ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرگئی۔57.97فیصد کمپنیوں کے شیئر کی قیمتیں بڑھ گئی سرمایہ کاری مالیت میں 101ارب 80کروڑ 7لاکھ روپے اضافہ ہوا، کاروباری حجم بھی 26.54فیصد زیادہ رہا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدمات سے روپیہ مستحکم،مہنگائی کنٹرول اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے۔شرح سود مسلسل چوتھی مرتبہ کم ہوئی او ر آئندہ بھی اس میں کمی کا امکان ہے۔
فیصل آباد، بجلی بلوں کی اقساط پر پابندی، عدم ادائیگی پر جرمانوں میں اضافہ، عوام مشکلات کا شکار
فیصل آباد (یواین پی) حکومت نے بجلی بلوں کی اقساط پر پابندی عائد جبکہ عدم ادائیگی پر جرمانوں میں بھی اضافہ کردیا جس کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فیسکو نے نیپرا کی ہدایت پر بجلی بلوں کی اقساط پر پابندی عائد اور عدم ادائیگی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا ہے۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق قسطوں کی سہولت سے ریونیو متاثر ہورہا تھا۔ دوسری جانب شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ادائیگی نہ ہونے پر جرمانے بھی ڈبل کردئیے گئے ہیں، پہلے ہی بڑھتے بلوں سے پریشان ہیں اب بوجھ مزید بڑھا دیاگیا ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا
اسلام آباد(یواین پی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ بن گیا، انڈیکس نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر بھی سستا ہو گیا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے دوران زبردست تیزی رہی، اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 411 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین 92 ہزار 349 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 23 ارب 91 کروڑ 25 لاکھ 37 ہزار 383 روپے مالیت کے 31 کروڑ 13 لاکھ 80 ہزار 974 شیئرز کا لین دین ہوا تھا۔دوسری جانب روپے کے مقابلے میں ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 9 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد ڈالر کی قیمت 277 روپے 70 پیسے ہو گئی۔
مرغی کا گوشت 540 روپے کلو ہو گیا
لاہور(یواین پی) مرغی کا گوشت مزید سستا ہو گیا، انڈے مزید مہنگے ہو گئے۔مرغی کے گوشت کی قیمت میں 14 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے جس کے بعد مرغی کا گو شت 526 روپے کلو ہو گیا ہے۔گزشتہ روز مرغی کاگوشت 540 روپے کلوتھا۔سرکاری نرخنامے میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 10 روپے کی کمی ہوئی ہے جس بعد برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 349 روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 363 روپے کلو ہو گیا ہے۔انڈوں کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے، فی درجن قیمت میں مزید ایک روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد انڈے 323 روپے درجن ہو گئے ہیں۔
چالاک ملزم نے ٹاٹا بازار کے تاجر سے ایک کروڑ روپے کا کپڑا لے کر فرار ہو گیا
فیصل آباد (یواین پی) فیصل آباد چالاک ملزم نے ٹاٹا بازار کے تاجر سے ایک کروڑ روپے کا کپڑا لے کر فرار ہو گیا‘ رقم کا تقاضا کرنے پر چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا۔تفصیل کے مطابق فیکٹری ایریا کے علاقہ ٹاٹا بازار کے تاجر سلمان اشرف نے پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم شہزاد نے کچھ عرصہ سے کپڑا لیتا رہا اور اس کے ذمہ ایک کروڑ روپے ہو گئے تو ملزم سے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو اس نے لیت ولعل کے بعد غلہ منڈی یوبی ایل برانچ کا چیک دیا جو کہ جعلی نکلا-