نسیم شاہ کی انجری تشویشناک نہیں، اگلے میچ تک فٹ ہو جائیں گے
میلبرن (یواین پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری تشویشناک نہیں، اگلے میچ تک فٹ ہو جائیں گے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کے کریمپس پڑے ہیں، مگر اگلے میچ میں وقت ہے، تب تک وہ مکمل فٹ ہوجائیں گے۔ واضح رہے فاسٹ بولر کو گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے کریمپس پڑ گئے تھے، جس کے باعث وہ اپنا آٹھواں اوور مکمل نہ کر سکے۔
آسٹریلین پِچز پر باؤنس دیکھ کر پاکستانی ٹی ٹونٹی سکواڈ کے کھلاڑیوں کی ماربل پر پریکٹس
لاہور (یواین پی) آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں پِچ پر فاسٹ بولرز کی رفتار اور باؤنس دیکھ کر پاکستانی ٹی ٹونٹی سکواڈ کے کھلاڑیوں نے ماربل پر پریکٹس شروع کردی۔ پہلے ہی ون ڈے میں بیٹرز کو پریشان دیکھ کر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کیکھلاڑیوں نیکمر کس لی ہے۔ کراچی میں جاری کیمپ میں ٹی ٹونٹی کے بیٹرز نے ماربل کی سلیب رکھ کر پریکٹس شروع کردی۔عثمان خان، عمیر بن یوسف اور دیگر بیٹرز نیشنل اسٹیڈیم میں ماربل پر ٹریننگ کرتے نظر آئے۔ عثمان خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پہلا ون ڈے دیکھنے کے بعد ماربل پر بیٹنگ کرنیکا منصوبہ بنایا، اس سے تیز پچز پر کھیلنے کی تکنیک بہتر ہوتی ہے، اس سے کٹ اور پل کی تیاری کے ساتھ ساتھ فٹ ورک بہتر ہوگا۔عثمان خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے تیاری اچھی جا رہی ہے، وہاں کی کنڈیشن مختلف ہوتی ہے، ابتدائی وکٹیں صرف پاکستان ہی کی نہیں آسٹریلیا کی بھی گر جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی بہت دور ہے، اس کا نہیں سوچ رہا ابھی توجہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز پر ہے۔ پاکستان سے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتا ہوں، کوئی بھی نمبر ملے کوشش رنز بنانے کی ہوتی ہے، ملتان سلطان میں محمد رضوان کے ساتھ کھیلتا ہوں، محمد رضوان کی تال میل سب کھلاڑیوں کے ساتھ رہتی ہے۔
پاکستان ویمن ٹیم انگلینڈ، نیوزی لینڈ، بنگلادیش اور زمبابوے کی میزبانی کرے گی
لاہور(یواین پی) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم 2025-2029 کے لیے آئی سی سی کے اعلان کردہ فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت انگلینڈ، نیوزی لینڈ بنگلادیش اور زمبابوے کی میزبانی کرے گی۔آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق 2026 میں زمبابوے کی ویمن کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، اپریل 2027 میں نیوزی لینڈ جبکہ اکتوبر 2027 میں انگلینڈ کی ویمن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، بنگلادیش ویمن ٹیم اکتوبر 2028 میں پاکستان آئے گی۔یہ فکسچرز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جس میں 11 ٹیمیں 2029 کے آئی سی سی ویمنز 50 اوور ورلڈ کپ میں جگہ حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کریں گی۔چیمپئن شپ فارمیٹ میں ہر ٹیم چار ہوم اور چار غیر ملکی سیریز کھیلے گی جس میں کل 44 سیریز میں 132 ون ڈے کھیلے جائیں گے، ہر سیریز تین میچز پر مشتمل ہوگی۔پاکستان ویمن ٹیم کے غیرملکی دوروں میں فروری 2026 میں جنوبی افریقا، جولائی 2026 میں سری لنکا، نومبر 2026 میں ویسٹ انڈیز اور جون 2028 میں آئرلینڈ کے دورے شامل ہیں۔مزید برآں انگلینڈ میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل آئر لینڈ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی کرے گا۔ علاوہ ازیں فیوچر ٹورز کے آئی سی سی کے اہم ٹورنامنٹس میں بھارت میں ہونے والا ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2025، انگلینڈ میں ہونے والا ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026، ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 بھی شامل ہیں۔
جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع
کراچی (یواین پی) جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے قومی جونئیر ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا۔کراچی میں شروع ہونے والے ٹریننگ کیمپ کے پہلے دن کھلاڑیون نے صبح کے سیشن میں فزیکل فٹنس کے ساتھ مختلف ڈرلز پر کام کیا گیا۔شام کیسیشن میں جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کو تین گروپس میں تقسیم کرکے ٹریننگ کرائی گئی۔مینجر اجمل خان لودھی کا کہنا ہے کہ ٹیم عمان میں 26 نومبر سے شیڈولڈ جونیئر ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ تو بہت ہے، کیمپ میں ان کی خامیوں کو دور کرنے اور کھیل میں مزید بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔
ون ڈے سیریز،قومی ٹیم ایڈیلیڈ پہنچ گئی،دوسرا میچ 8 نومبر کو ہو گا
ایڈیلیڈ(یواین پی) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم دوسرا ون ڈے میچ کھیلنے کے لئے میلبرن سے ایڈیلیڈ پہنچ گئی۔ ون ڈے سیریز کا د تیسرا اور آخری میچ 10 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوں گے۔
سہ فریقی انڈر 19 سیریز، پاکستان اپنا پہلا میچ 13 نومبر کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گا
دبئی (یواین پی)سہ فریقی انڈر 19 سیریز میں پاکستان اپنا پہلا میچ 13 نومبر کو یو اے ای اور 15 نومبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔یو اے ای اور افغانستان کے درمیان پہلا میچ 18 نومبرجبکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا میچ 20 نومبر کو ہوگا۔ پاکستان یو اے ای کے خلاف دوسرا میچ 22 نومبر کو کھیلے گا یو اے ای اور افغانستان کے درمیان آخری میچ 24 نومبر کو ہو گا۔سہ فریقی انڈر 19 سیریز کا فائنل 26 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تمام میچز آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں ہوں گے۔
ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ، قطر کو شکست، پاکستان کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
دوحہ (یواین پی) پاکستان کے محمد آصف آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔کوارٹر فائنل میں محمد آصف یو اے ای کے محمد شہاب کے مدمقابل آئیں گے۔ واضح رہے محمد آصف نے دوحہ میں ہونے والے پری کوارٹر فائنل میں قطر کے احمد سیف کو 4-3 سے شکست دی۔
شکیب الحسن کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار، ٹیسٹ کے لئے رپورٹ کر دیاگیا
لندن (یواین پی) بنگلادیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کا بولنگ ایکشن کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دوران رپورٹ کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیب الحسن کے بولنگ ایکشن کو امپائرز نے مشکوک کہہ کر رپورٹ کردیا ہے۔امپائر کی طرف سے آل راؤنڈ کے بولنگ ایکشن پر اٹھائے گئے سوال پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایکشن کے جائزے کا کہہ دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیب الحسن نے کاؤنٹی چیمپئن کے ایک میچ میں سمرسیٹ کے خلاف سرے کی نمائندگی کی تھی اور 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔بنگلادیشی آل راؤنڈر کو ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود معطلی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے، صرف بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شکیب الحسن کے بولنگ ایکشن کو کیریئر میں پہلی مرتبہ مشکوک رپورٹ کیا گیا ہے۔بنگلادیشی آل راؤنڈر پہلے ہی قتل کے ایک مقدمے میں نامزد ہیں، جس کے باعث وہ ملک واپس نہیں گئے، انہیں اگست میں طلبہ تحریک کے دوران مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔شکیب الحسن سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ساؤتھ افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے بھی بنگلادیش نہیں گئے۔