سپریم کورٹ،26ویں آئینی ترمیم کیخلاف ایک اور درخواست دائر، نمبر الاٹ
اسلام آباد (یواین پی)سپریم کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بچھر، ایڈووکیٹ منیراحمد ودیگر کی جانب سے 26ویں ترمیم کیخلاف دائر درخواست میں صدر مملکت،وزیراعظم،چیئرمین سینیٹ،سپیکر قومی اسمبلی،وفاق اور چاروں صوبوں کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے، عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنے کا اختیار پارلیمان کے پاس بھی نہیں جبکہ سپریم کورٹ قرار دے چکی کہ بنیادی حقوق کو ختم یا کم نہیں کیا جا سکتا۔ استدعا ہے کہ عدلیہ کی آزادی سے متصادم ترمیم کالعدم قرار دی جائے،26ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں تشکیل نو پانیوالے جوڈیشل کمیشن اجلاس کو بھی منعقد کرنے سے روکا جائے۔سپریم کورٹ کی جانب سے آئینی درخواست کو دائری نمبر بھی الاٹ کر دیاگیا ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی: مریم نوازشریف
لاہور(یواین پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سونامی جیسی قدرتی آفات، فطری عوامل ہیں اور موسمیاتی تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان بھی کلائیمٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہیں،قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سونامی کی تباہی سے نمٹنے کے لئے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے جامع کلائیمٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ عوام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے باقاعدہ آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ناگہانی صورتحال میں شہری حفاظتی اقدامات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچاؤ کی تکنیک کو اپنایا جاررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے شہری حکومت کا ساتھ دیں۔دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، سرفراز بگٹی کاخراج تحسین
کوئٹہ (یواین پی) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ صوبے میں دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے،نوشکی میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانے کی نشاندہی اور فوری کارروائی سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کا مظہر ہے۔جاری ایک بیان میں وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں دہشت گردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے،دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی اور فوری کارروائی سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک کا ہر فرد سیکیورٹی رٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیر خزانہ سے اے آئی آئی بی کے وفد، یو این مستقل مندوب منیر اکرم کی ملاقاتیں
اسلام آباد (یواین پی)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان میں اے آئی آئی بی کے منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔ جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے الگ الگ ملاقات کی۔اے آئی آئی بی کی ٹیم نے ملاقات میں وزیر خزانہ کو پاکستان میں بینک کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری بارے بریفنگ دی جس میں ہائیڈرو پاور جنریشن، سڑکوں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی تعمیر، شہری انفراسٹرکچر کی ترقی اور وبائی امراض کے منفی اثرات سے نمٹنے کے منصوبے شامل ہیں۔ملاقات میں جاری منصوبوں کی صورتحال،بینک کی فنانسنگ کو پاور جنریشن سے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی طرف موڑنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے کہا کہ بینک پاکستان کو ایک اہم پارٹنر ملک کے طور پر دیکھتا ہے۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کیلئے بینک کی معاونت کو تسلیم کرتے ہوئے منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاری منصوبوں کی فراہمی بہتر بنانے کی مزید کوششوں پر زور دیا۔مستقل مندوب منیر اکرم سے ملاقات میں وزیر خزانہ اور اہم مالیاتی اداروں کے سربراہان، تجارتی و سرمایہ کاری بینکوں، دو طرفہ شراکت داروں سے ہونیوالی ملاقاتوں بارے امور زیر غور آئے۔سفیر منیر اکرم نے ترقی پذیر ممالک کی مدد کیلئے موسمیاتی مالیات اور تجارتی اصلاحات کو بڑھانے،ترقی یافتہ ممالک کے مجموعی قومی آمدنی و سرکاری ترقیاتی امداد کے 0.7فیصد وعدے کی تکمیل کیلئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ملاقات میں سرکاری و نجی اداروں کی سہولت کیلئے اقوام متحدہ کے میکانزم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے این ایف کی 10 کارروائیاں، 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد،7 ملزمان گرفتار
اسلام آباد (یواین پی) اے این ایف نے ملک گیر 10 کارروائیوں میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کر کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق تعلیمی اداروں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں منشیات فروشی اور سمگلنگ کیخلاف 10کارروائیوں میں 12کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 396.125کلوگرام منشیات برآمد کرکے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران ایم ون اسلام آباد پر ملزم سے 460گرام آئس برآمد ہوئی، ٹنڈو جام حیدرآباد میں ملزم سے 5کلو چرس برآمد کی گئی، منیر احمد روڈ کوئٹہ پر یونیورسٹی کے قریب سے 2ملزمان سے 8کلو چرس اور 160گرام ویڈ برآمد ہوئی۔کوئٹہ میں ایک اور یونیورسٹی کے قریب ملزم سے ایک کلو 625گرام آئس اور 400نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ انڈس چوک کراچی کے قریب گاڑی سے 280کلو چرس،بلوچستان کے 2مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 57کلو ہیروئن اور 39کلو چرس برآمد کی گئی۔ لکپاس ٹول پلازہ مستونگ کے قریب ملزم سے ایک کلو 500گرام ہیروئن اور 2کلو آئس برآمد کی گئی، جی ٹی روڈ اٹک کے قریب ملزم سے 600گرام چرس،حب ریور روڈ سے 500گرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پارلیمنٹ کی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا،تاریخ ہمیں ذمے دار ٹھہرائے گی،رضا ربانی
اسلام آباد(یواین پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینئر قانون دان رضا ربانی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا،حکومت نے قوانین کی معطلی کے ذریعے اہم قانون سازی پاس کی۔ اپنے ایک بیان میں رضا ربانی کاکہناتھا کہ بلز کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے پاس بھیجا جانا چاہئے تھا، کمیٹیاں بلز کا جائزہ لیتیں،بلز کو سینیٹ اور قومی اسمبلی سے بحث کے بعد اکثریتی ووٹوں سے انہیں منظورکرنا چاہئے تھا،ان بلز کے عدلیہ اور مسلح افواج پر اثرات ہوں گے،بلز کے سیاست اور جمہوری عمل پر بھی اہم اثرات مرتب ہوں گے،ان کاکہناتھا کہ تاریخ ہمیں پارلیمانی اور جمہوری عمل کو نظرانداز کرنے پر ذمے دار ٹھہرائے گی،ایسے اقدامات پارلیمنٹ یا آئین کی خودمختاری کیلئے نہیں بلکہ خوف کااظہار ہیں،ایک خوفزدہ پارلیمنٹ یا جمہوری نظام کمزور ہوتا ہے،خوفزدہ پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کا وجود ہمیشہ خطرے میں رہتا ہے۔
پاکستان اور چین کی انڈس شیلڈ فضائی جنگی مشق 2024 اختتام پذیر
راولپنڈی (یواین پی)پاکستان اور چین کی انڈس شیلڈ فضائی جنگی مشق 2024 اختتام پذیر ہوگئی۔ ایک پاکستانی ایئربیس پر ہونے والی مشق میں پاک فضائیہ اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس نے شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آئی) کے مطابق فضائی مشق میں چین ایئرفورس ہائی ٹیک آلات کے ساتھ شریک ہوئی۔ جے سولہ اور جے دس سی لڑاکا طیاروں نے مشق میں حصہ لیا۔مشق میں زمین سے فضا تک انتہائی کارگر ایچ کیو بائیس ڈیفنس سسٹم اور الیکٹرانک وار فیئر کیلئے انتہائی اہم ایئر بورن وائی ٹی جی نائن کا استعمال کیا گیا۔ پاک فضائیہ کیجے ٹین سی اور جیایف سیونٹین بلاک تین لڑاکا طیاروں نیجنگی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کامیاب انڈس شیلڈ فضائی جنگی مشق اتحادی ممالک کے ساتھ پاک فضائیہ کی مشترکہ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے۔ مشق کا مقصد دونوں ملکوں کی فضائی افواج کی جنگی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ، عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی درخواست،فریقین سے جواب طلب
لاہور (یواین پی) لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس فاروق حیدر نے عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور خفیہ مقدموں میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت 9مئی اور توشہ خانہ کیس میں جیل میں قید ہیں، خدشہ ہے ان کیخلاف نامعلوم مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔استدعا ہے کہ عدالت بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم اور عمران خان کی خفیہ مقدمات میں گرفتاری روکنے کا حکم دے۔عدالت نے درخواست پر صوبائی حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 12نومبر تک جواب طلب کرلیا اور سماعت ملتوی کردی۔