اگر بورڈ نے پاکستان بھیجا تو ہمیں وہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے: بھارتی کپتان
لاہور (یواین پی) چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آ رہی ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔ 2 روز قبل بھارتی میڈیا پر یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہو گا، بھارت کے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔تاہم اس حوالے سے جب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ابھی تک بی سی سی آئی یا آئی سی سی کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا، ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہو گا اور ہم نے اپنی تیاری جاری رکھی ہوئی ہے، ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی اور ہر مرتبہ پاکستان سے خیر سگالی کی توقع نہ رکھی جائیاب پاکستان میں چیمئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا بیان سامنے آیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جب روہت شرما سے سوال پوچھا گیا کہ کیا بھارتی ٹیم پاکستان جائے گی تو اس پر روہت شرما کا کہنا تھا یہ فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز نے کرنا ہے، ہمارے ہاتھ میں تو ہے نہیں، ہم تو ٹورنامنٹ کے لیے آگے کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ بھارتی کپتان کا کہنا تھا ہمیں تو بورڈ جہاں بھیجتا ہے ہم کھیلنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں، اگر بورڈ نے پاکستان بھیجا تو ہمیں وہاں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے‘۔ خیال رہے کہ چیمئنز ٹرافی فروری مارچ 2025ء میں پاکستان میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس میں شرکت بھارت کے پاکستان آنے سے مشروط کر دیں، راشد لطیف کا پی سی بی کو مشورہ
لاہور (یواین پی) چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے انکار پر سابق کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سخت ردعمل دینے کا مشورہ دیدیا۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان میں ہونے والے فکسچر میں شرکت سے انکار کیا تو پاکستان ممکنہ طور پر مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ دو طرفہ سیریز ہو یا ایشیا کپ، تو ٹیموں سے پوچھا جاتا ہے کہ بھارت کھیلنا چاہتا ہے یا نہیں؟ یہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے، 8 سال پہلے سے ٹیموں کو ایونٹس کے شیڈول کا معلوم تھا، اسی طرح 2024ء سے 2031ء کے ایونٹس کی میزبانی سے متعلق رکن ممالک سمیت براڈکاسٹرز اور اسپانسرز نے دستخط کیے ہیں، جس میں ٹیموں کو شرکت کرنی ہے۔56 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے 1996ء کے ورلڈکپ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے سری لنکا کھیلنے نہیں گئے تھے جہاں فائنل کا تنازع ہوا لیکن سری لنکا نے وہ ایونٹ اپنے نام کیا۔راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے مطالبات کو ایک بار پھر ایڈجسٹ کرنے یا ہائبرڈ ماڈل کو اپنایا تو شدید مایوسی ہوگی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے آئی سی سی کو پاکستان جاکر چیمپئینز ٹرافی کھیلنے سے انکار کا جواب جمع کروادیا ہے جبکہ بھارت کی عدم شرکت کی وجہ سے ایونٹ کا شیڈول مزید تاخیر کا شکار ہے۔
حارث رؤف ایک وکٹ کے فرق سے وقار یونس کا 34 سالہ ریکارڈ برابر نہ کرسکے
لاہور (یواین پی) آسٹریلیا کیخلاف تین میچز کی ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف محض ایک وکٹ کے فرق سے وقار یونس کا 34 سالہ ریکارڈ برابر کرنے میں ناکام ہوگئے۔ پرتھ میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو محض 31.5 اوورز میں 140 رنز پر پویلین روانہ کیا، اس میچ میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے 7 اوورز میں 24 رنز دیکر 2 شکار کیے تاہم وہ لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس کا ریکارڈ برابر کرنے سے محض ایک وکٹ کے فاصلے پر رہ گئے۔تین میچز کی ون ڈے سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 11 وکٹیں نیوزی لینڈ کے خلاف وقار یونس نے 1990ء میں حاصل کیں تھی، اس کے بعد حارث رؤف نے اس سیریز میں آسٹریلیا کیخلاف 10 وکٹیں لیں اور دوسرے نمبر پر آگئے۔ حارث کے علاوہ سعید اجمل 2012ء میں آسٹریلیا، نسیم شاہ 2022ء میں نیدرلینڈز اور عمر گل سری لنکا کیخلاف 2009ء میں دس دس وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی تیاریاں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ میجر جنرل محمد اکرم ساہی
اسلام آباد (یواین پی) ساؤتھ ایشیاء اتھلیٹکس کے چیئرمین و نائب صدر ایشیاء اتھلیٹکس میجر جنرل محمداکرم ساہی (ریٹائرڈ) نے کہا ہے کہ ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی تیاریاں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں تیاریوں کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر برگیڈیئر وجاہت حسین (ریٹائرڈ)، سیکرٹری (انٹر سروسز) لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر شبیر انجم اور سیکرٹری، آرمی سپورٹس، لیفٹیننٹ کرنل نبیل رانا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اجلاس میں ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اکرم ساہی نے چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی برگیڈیئر سلطان محمود ستی (ریٹائرڈ)، اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر برگیڈیئر ریٹائرڈ وجاہت حسین (ریٹائرڈ)، سیکرٹری جنرل کرنل شاہ جہاں (ریٹائرڈ) اور ان کی ٹیم کی انٹرنیشنل ایونٹ کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کیلئے دن رات کاوشوں اور کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ساف کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں سات ملکوں کے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں میزبان پاکستان کے علاوہ نیپال، سری لنکا، بھوٹان، بھارت، بنگلہ دیش اور مالدیپ شامل ہیں۔
قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کے لئے اسلام آباد بوائز اور گرلز ہاکی ٹیموں کے چناؤ کے سلسلہ میں ایک روزہ اوپن ٹرائلز (آج) پیر کو ہونگے
اسلام آباد (یواین پی) اسلام آباد سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم بین الصوبائی گیمز کے لئے اسلام آباد بوائز اور گرلز ہاکی ٹیموں کے چناؤ کے سلسلہ میں ایک روزہ اوپن ٹرائلز (آج) پیر کو ہونگے۔ اسلام آباد سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری (سپورٹس) چوہدری محمد افضل نے بتایا کہ بوائز کے ٹرائلز اب پارہ ہاکی گراؤنڈ، اسلام آباد میں جبکہ گرلز ہاکی ٹیم کے ٹرائلز اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز ایف سیون ٹو، اسلام آباد میں منعقد ہونگے۔ محمد رمضان قصوری کو ٹرائلز کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے اورمنتخب ٹیمیں قائد اعظم بین الصوبائی گیمز میں شرکت کریں گے۔ یہ گیمز پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام 13 سے 18 دسمبر تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائیگی۔ جس میں پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے مرد اور خواتین کھلاڑی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ گیمز میں پندرہ کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں۔
ایشین کلاسک مینز اینڈ ویمنز پاورلفٹنگ چیمپئن شپ یکم دسمبر سے شروع ہو گی
اسلام آباد (یواین پی) ایشین کلاسک مینز اینڈ ویمنز پاورلفٹنگ چیمپئن شپ یکم دسمبر سے تاشقند، ازبکستان میں شروع ہو گی۔ گزشتہ روز پاکستان پاورلفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد راشد ملک نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کے مرد اورخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے یہ چیمپئن شپ 10 دسمبر تک جاری رہے گی۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
چوتھی کیچ بال گرلز چیمپئن شپ 15 نومبر سے شروع ہو گی
اسلام آباد (یواین پی) پاکستان کیچ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور سندھ کی۔ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے چوتھی کیچ بال گرلز چیمپئن شپ 15 نومبر سے منی سپورٹس کمپلیکس، ناظم آباد، کراچی میں شروع ہو گی۔پاکستان کیچ بال فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل امہ لیلی کلثوم نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ 14 نومبر کو ہوگی جس میں چیمپئن شپ کے قوانین کے بارے میں آگاہ اور ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔چیمپئن شپ میں سندھ بھر تعلیمی اداروں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ چیمپئن شپ کے فائنل میچز 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا جو آئندہ برس 2025ء میں کھیلے جانے والے بین الاقوامی سطح پر ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔