چیمپئینز ٹرافی؛ پاکستان کے سخت موقف پر ”نیا آپشن” بھی آگیا

Published on November 15, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 26)      No Comments

لاہور(یو این پی)چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت سے انکار کے بعد اور پاکستان کے سخت موقف اپنانے پر مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے مجوزہ نیا آپشن بھی منظر عامر پر آگیا۔ذرائع کے مطابق کچھ لو اور کچھ دو کے فارمولے سے ایونٹ کو بچانے پر بات چیت ہوسکتی ہے تاہم اسکے لیے پاکستان اور بھارتی بورڈ دونوں کو موقف میں لچک دکھانا ہوگی۔ممکنہ فارمولے کے تحت بھارتی ٹیم 3 میں سے ایک میچ پاکستان آکر کھیلنے کیلئے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچے، وہاں میچ کھیل کر واپس اپنے ملک یا پھر یواے ای چلی جائے۔بھارتی ٹیم اگر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرتی ہے تو میچ یواے ای میں کروایا جائے، البتہ اگر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تو لاہور آکر کھیلنا پڑے گا۔ پی سی بی کو بھارتی ٹیم کے میچز پاکستان میں نہ ہونے کی وجہ سے ممکنہ نقصان پر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی آمدنی میں سے زیادہ حصہ دیا جائے، اس آپشن کو اپنانے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سمیت پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ دونوں کو مشکل صورتحال سے نکلنے میں مدد مل سکتی ہے۔بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار پر ناخوش پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی ی)کو بھی موقف منوانے میں کچھ ریلیف ملے گا جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ بھی ہائبرڈ ماڈل کی اپنی بات کسی حد تک منوا سکے گا۔دوسری جانب پی سی بی کے خط کا آئی سی سی نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے انکار سے اسے زبانی طور پر آگاہ کیا تھا اس لیے کونسل تاخیر سے کام لے رہی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog